ایلکس ہیلز کی دھواں دار بیٹنگ، انگلینڈ میچ جیت گیا

جمعرات 27 مارچ 2014 22:47

ایلکس ہیلز کی دھواں دار بیٹنگ، انگلینڈ میچ جیت گیا

چٹاگانگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2014ء) بنگلہ دیش میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کرکٹ مقابلوں کے اہم میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 6 وکٹ سے شکست دیدی، ایلکس ہیلز کی یادگار اننگز، انہوں نے 6 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 116 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ برطانیہ نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا کو کھیلنے کی دعوت دی تھی۔ ظہور احمد چودھری سٹیڈیم چٹاگانگ میں کھیلے گئے میچ کا پانسہ ایلکس ہیلز اور مورگن نے پلٹ دیا۔

دونوں کھلاڑی بظاہر ہارا ہوا میچ سری لنکا کے ہاتھوں سے چھین لائے۔ ایلکس ہیلز نے 64 گیندوں پر 116 رنز کی یادگار اننگز کھیلی اور ناٹ آئوٹ رہے۔ ان کا ساتھ دینے والے ای جے جی مورگن نے نصف سینچری بنائی تاہم وہ 57 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے کولسکارا نے انگلینڈ کے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ڈیرن بیچ نے انگلینڈ کی جانب سے باؤلنگ کا آغاز کیا اور اپنی دوسری ہی گیند پر سری لنکن بلے باز کشال پریرا کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔

اگلی ہی گیند پر ایک اور کیچ نکلا جسے مائیکل لمب نے پکڑ لیا تاہم تھرڈ ایمپائر نے انھیں کیچ آؤٹ قرار نہیں دیا کیونکہ گیند نے زمین کو چھوا تھا۔ آج کے میچ میں برطانوی کھلاڑیوں کی فیلڈنگ خاصی مایوس کن رہی۔ برطانوی کھلاڑیوں نے کئی کیچ چھوڑے جس سے سری لنکن بلے بازوں دلشان اور جے وردھنے کو کُھل کر کھیلنے کا موقع ملا۔ دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سینچریاں مکمل کیں۔

مہیلا جے وردھنے کا سکور 89 رنز پر پہنچا تھا کہ انھیں جورڈن نے بولڈ کر دیا۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد تلکرتنے دلشان بھی چلتے بنے۔ ان کا کیچ جورڈن نے ڈیرن بیچ کی گیند پر لیا۔ دلشان نے 47 گیندوں پر 55 رنز بنائے۔ اپنی جارحانہ بیٹنگ سے پہچانے جانے والے سنگاکارا اس میچ میں کوئی رن بنائے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ ہیلز نے جورڈن کی گیند پر ان کا کیچ لیا۔ پریرا نے 12 گیندوں پر 23 جبکہ میتھیوز نے 5 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ برطانیہ کی جانب سے ڈیرن بیچ اور جورڈن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سری لنکا نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 190 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ واضع رہے کہ سری لنکا کی ٹیم نے اس ٹورنامنٹ میں اس سے قبل دونوں میچ جیتے تھے۔

متعلقہ عنوان :