یہاں لوگ قومی مفادات کیلئے نہیں ذاتی اور سیاسی مفادات کیلئے اکٹھے ہو جاتے ہیں‘ شجاعت حسین،پہلے دن سے کہہ رہا ہوں مشرف کیس کا کچھ نہیں بنے گا،سابق آرمی چیف کیخلاف غداری کا مقدمہ کسی کو قبول نہیں ، سربراہ مسلم لیگ (ق)

جمعرات 27 مارچ 2014 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ سینیٹر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ یہاں لوگ قومی مفادات کیلئے تو اکٹھے نہیں ہوتے لیکن سیاسی اورذاتی مفادات کیلئے اکٹھے ہو جاتے ہیں ،پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ مشرف کیس کا کچھ نہیں بنے گا،سابق آرمی چیف کے خلاف غداری کا مقدمہ کسی کو قبول نہیں ۔ لیگی کارکن غلام حسین کی صاحبزادی کی شادی کی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شجاعت حسین نے کہا پرویز مشرف کیخلاف غداری لفظ استعمال کرنے کی بجائے آئین شکنی کا مقدمہ چلتا تو شاید فیصلہ ہو جاتا ۔

(جاری ہے)

سابق آرمی چیف کے خلاف غداری کا مقدمہ کسی کو قبول نہیں ۔ آئین میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی واضح درج ہے ،بلدیاتی انتخابات نہ کرانا بھی آئین کی خلاف ورزی ہے اس لئے شریف برادران پر غداری کا مقدمہ چلنا چاہیے ۔انہوں نے طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ دعا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوں لیکن ایسا ہوتا ہوا دکھائی نہیں دیتا ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہاں لوگ قومی مفادات کے لئے اکٹھے نہیں ہوتے لیکن سیاسی اور ذاتی مفادات کے لئے اکٹھے ہو جاتے ہیں ۔موجودہ حالات میں ادھر اُ دھر توجہ دینے کی بجائے قومی مسائل کے حل کی طرف توجہ دینی چاہیے ۔