حکومت سندھ نے صوبے بھر میں ہوٹل، ریسٹورنٹس اور عوامی مقامات پر شیشہ پینے پر پابندی عائد کردی

جمعرات 27 مارچ 2014 21:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2014ء) حکومت سندھ نے صوبے بھر میں ہوٹل، ریسٹورنٹس اور عوامی مقامات پر شیشہ پینے پر پابندی عائد کردی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ واضح رہے کہ سندھ اسمبلی میں 2011ء میں ایک قرارداد منظور ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ شیشے کی فروخت پر پابندی عائد کی جائے جبکہ مارچ 2012ء میں حکومت سندھ نے شیشے کی فروخت اور اس کے پینے پر دو ماہ کے لئے پابندی عائد کی تھی۔

(جاری ہے)

سندھ اسمبلی کی قرارداد کے علاوہ کمشنر کراچی نے ایک رپورٹ حکومت سندھ کو بھیجی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ شہر کراچی میں شیشہ پینے کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے۔ صوبائی حکومت شیشے کی فروخت اور اس کے پینے پر پابندی عائد کرے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے سندھ اسمبلی کی قرارداد اور کمشنر کراچی کی رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے بھر میں شیشے کی فروخت اور اس کے پینے پر پابندی عائد کردی ہے۔ یہ پابندی ہوٹل، ریسٹورنٹس اور عوامی مقامات پر لگائی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :