پشاور، مستحق افراد کی نشاندہی اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرز پرمستحقین کی مالی معاونت کیلئے ان کے کوائف اکٹھے کرنے سے متعلق پریزینٹیشن

جمعرات 27 مارچ 2014 21:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2014ء) مستحق افراد کی نشاندہی اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرز پرمستحقین کی مالی معاونت کے لئے ان کے کوائف اکٹھے کرنے سے متعلق وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر عمل کے لئے خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری محمد شہزاد ارباب نے خیبر پختونخوامیں مستحق بیواؤں اور خصوصی افراد کی بہبود کی فاؤنڈیشن سے متعلق جمعرات کے روزایک پریزینٹیشن کی صدارت کی۔

پریزنٹیشن کے شرکاء میں فاؤنڈیشن کے چیئرمین لیفٹیننٹ کرنل(ر) علی قلی خان سمیت ممبران اسلم فاروق،سکندر خان،ڈاکٹر فائزہ اصغر، ڈاکٹر مہر تاج روغانی،ڈاکٹر انیس الرحمان،عبداللہ یوسف،ملک عدیل خان،ڈاکٹر پروین اعظم خان،ڈاکٹر ثانیہ نشتر ،محمد داؤد خان اور محکمہ سماجی بہبود،زکواة و عشر کے افسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکاء کو وزیر اعلیٰ کی ہدایات سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ BISPپروگرام میں درج شدہ1,00,000بیواؤں اور معذور افراد کے بارے میں ڈیٹا حاصل کر کے ان کا تجزیہ اور اہداف کے گروپ کی نشاندہی بھی کر دی گئی ہے جبکہ اس سلسلے میں مالی اخراجات پر کام جاری ہے۔

اجلاس میں بتایا گیاکہ اس ضمن میں ایک آرڈیننس منظور،نافذ اور بعد ازاں ایکٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے مزید برآں صوبائی زکواة کونسل اور محکمہ خزانہ دونوں نے250ملین روپے کے فنڈ کی منظوری بھی دے دی۔اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد میں صوبے میں حقدار بیواوٴں اور خصوصی افراد کو مالی امداد، تربیت، اوزار، مشینیں اور رہنے کی جگہ فراہم کرنا شامل ہیں۔

شرکاء کو بتایا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت منتخب بیواوٴں کو 1200روپے ماہانہ فراہم کئے جا رہے تھے جبکہ اس نئے فاوٴنڈیشن کے ذریعے بیواوٴں اور معذور افراد کو ماہانہ 2500فی کس فراہم کئے جا ئیں گے۔شرکاء کو یہ بھی بتایا گیا کہ اس مجوزہ پروگرام کے پہلے فیز میں 14735مستحق بیواوٴں اور 12900 معذور افراد کو ایک مرتبہ2500روپے ماہانہ کے حساب سے 30000روپے فراہم کئے جائیں گے۔

صوبائی چیف سیکرٹری نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ ایک بہتر میکنزم اپنا کر اس فاوٴنڈیشن کے ذریعے مجوزہ منصوبے کو قابل عمل بنائیں تاکہ مستحق بیواوٴں اور معذور افراد کی داد رسی ہوسکے اور موجودہ حکومت کی جانب سے غریبوں کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں اس مجوزہ سکیم کے ثمرات سے مستحق بیوائیں اور معذور افراد صحیح طریقے سے مستفید ہوسکیں۔

متعلقہ عنوان :