سرکاری محکموں سمیت تمام نا دہندگان کو واجبات کی ادائیگی کیلئے 15روز کا حتمی نوٹس جاری کیا جائے ،عدم ادائیگی پرکنکشن منقطع کردئیے جائیں ‘ عابد شیر علی ،بجلی چوروں پر ہاتھ ڈالنے پر تحریک استحقاق جمع کرائی گئی ہے،تحریک استحقاق آئے یا تحریک التوا کسی صورت نہیں چھوڑیں گے،منگلا اور تربیلا قومی اثاثہ ہیں کسی ایک صوبے کی جاگیر نہیں،یہ ڈیم عوام کے ٹیکسوں سے بنے ہیں ،کسی ایک کو سستی بجلی دینا مناسب نہیں ہو گا، وزیر مملکت برائے پانی وبجلی کی زیر صدارت لیسکو ہیڈ کواٹر میں اجلاس ، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 27 مارچ 2014 20:09

سرکاری محکموں سمیت تمام نا دہندگان کو واجبات کی ادائیگی کیلئے 15روز ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2014ء) وزیرمملکت برائے پانی وبجلی نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کو ہدایت کی ہے کہ وفاقی و صوبائی محکموں سمیت تمام نا دہندگان کو واجبات کی ادائیگی کیلئے 15روز کا حتمی نوٹس جاری کیا جائے اور مقررہ مدت میں واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں کنکشن منقطع کردئیے جائیں ،بجلی چوروں پر ہاتھ ڈالنے پر انکے خلاف اسمبلی میں تحریک استحقاق بھی جمع کرائی گئی ہے لیکن تحریک استحقاق آئے یا تحریک التوا بجلی چوروں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے،بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے لئے اراکین اسمبلی کو بھی تعاون کرنے کا خط لکھ دیا ہے،منگلا اور تربیلا قومی اثاثہ ہیں کسی ایک صوبے کی جاگیر نہیں،یہ ڈیم عوام کے ٹیکسوں سے بنے ہیں اس لئے کسی ایک کو سستی بجلی دینا مناسب نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز لیسکو ہیڈ کوارٹر میں اجلاس کی صدارت اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔عابد شیر علی نے کہا کہ رواں سال 1500سے 2000میگاواٹ ‘بجلی سسٹم میں آ جائیگی، حکومت اپنے اسی دور میں نا صرف بجلی کی کمی کو پورا کریگی بلکہ آئندہ 25سالوں کیلئے بھی منصوبہ بندی کی جائیگی جس کیلئے لانگ‘ میڈیم اور شارٹ ٹرم منصوبے لائے جا رہے ہیں۔

گدو پاور پلانٹ سے 747میگا واٹ بجلی 2015ء میں آنا تھی لیکن ہم نے ریکارڈ مدت دس ماہ میں پراجیکٹ کو مکمل کیا اور اس سے243میگا واٹ بجلی آ چکی ہے اسکے افتتاح کے لئے وزیر اعظم محمد نواز شریف سے وقت مانگا ہے ۔اسی طرح نندی پور کی پہلی ٹربائن بھی جلد پیداوار شروع کردے گی ۔بجلی چوری کی روک تھام کے لئے پختہ ارادہ کرلیا ہے اب تحریک استحقاق آئے یا تحریک التواء پیچھے نہیں ہٹیں گے بلکہ اراکین اسمبلی کو بھی بجلی چوری کی روک تھام کے لئے مدد کے لئے خط لکھا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سکھر میں دو ہزار کے قریب کنڈے اتروائے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ۔ وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ موجودہ حکومت کے مثبت اقدامات کی وجہ سے 18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کر کے 6گھنٹے پر لایا گیا ہے۔

قبل ازیں وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے لیسکو حکام کو ہدایت کی کہ وفاقی و صوبائی محکموں،انڈسٹریل سیکٹر ،گھریلو صارفین سمیت تمام نادہندگان کو واجبات کی ادائیگی کیلئے 15روز کا حتمی نوٹس جاری کیا جائے اور مقررہ مدت میں واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں کنکشن منقطع کردئیے جائیں ۔

اجلاس میں چیف ایگزیکٹو لیسکو ارشد رفیق سمیت دیگر حکام نے وزیر مملکت کو کمپنی کی کارکردگی ،لائن لاسز،ریکوری،بجلی چوری کی روک تھام سمیت مختلف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر مملکت نے ہدایت کی کہ پلاسٹک ،رائس اورآئس فیکٹریز پر چھاپے مارے کر بجلی چوری کی مانیٹرنگ کی جائے تاکہ لائن لاسز پر قابو پایاجاسکے۔انہوں نے کہا کہ لیسکوکے ہائی لاسز ڈویژنز کے ذمہ داران افسران کو تبدیل کرکے اچھی شہرت کے حامل افسران کو تعینات کیا جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بینکوں،سرکاری سکولوں،مساجدکی بجلی کی طلب کا جائزہ لیا جائے تاکہ اس بات کا اندازہ لگایا جاسکے کہ اگر ان کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے تو بجلی کی کتنی بچت ہوسکتی ہے۔بریفنگ کے دوران چیف ایگزیکٹولیسکوانجینئر ارشدرفیق نے بتایاکہ لائن لاسز کو کم کرکے 11.1فیصد تک لایا گیا ہے جبکہ دیہی وشہری علاقوں میں 6گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت 589ملین روپے وفاقی ،4179ملین روپے صوبائی محکموں اور34127ملین روپے نجی شعبہ کے ذمہ واجب الادا ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نجکاری کا کوئی منفی اثر نہیں ہو گا اس سے بجلی کی مجموعی صورتحال بہتر ہو گی ۔