دہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو سیاست سے روکنا ظلم: الطاف حسین

جمعرات 27 مارچ 2014 20:09

دہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو سیاست سے روکنا ظلم: الطاف حسین

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2014ء) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ دہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو سیاست میں حصہ لینے سے روکنا سراسر ظلم ہے، اس آئینی پابندی کو آئینی ترمیم کے ذریعہ ختم کرنا اوورسیز پاکستانیوں سمیت پوری قوم کا مطالبہ ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے ارکان کے مشترکہ اجلاس سے بیک وقت ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے اراکین پارلیمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئینی ترمیم کے ذریعہ دہری شہریت کے قانون کو ختم کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں، اس ضمن میں حکومت اور دیگر جماعتوں سے بھی رابطہ کریں اور دہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو الیکشن میں حصہ لینے کا حق دلانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہر ماہ باقاعدگی سے خطیر زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں، ہر قدرتی اور ناگہانی آفات کے موقع پر اربوں روپے امداد دیتے ہیں اور بیرون ملک ، پاکستان کا وقار بلند کرنے اور اس کے مفادات کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں انہیں پاکستانی سیاست میں حصہ لینے سے روکنے کا عمل انتہائی غیرمنصفانہ ہے ۔ دہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو سیاست میں حصہ لینے سے روکنا سراسر ظلم ہے اور اس آئینی پابندی کو آئینی ترمیم کے ذریعہ ختم کرنا نہ صرف محب وطن اوورسیز پاکستانیوں بلکہ پوری قوم کا مطالبہ ہے۔