عالمی بینک داسو اور دیامر بھاشا ڈیم کے لئے ایک ارب ڈالر کا قرضہ دیگا ،وزیر خزانہ اسحاق ڈار ،آئندہ ماہ یوروبانڈز اور سپیکٹرم لائسنسز جاری کئے جائیں گے ، پاکستان کا ترقیاتی بجٹ بہت کم ہے، بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے نجی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، حکومتی مالیاتی دستاویزات کا لین دین شروع ہونے سے حکومت کو بڑے ترقیاتی منصوبوں کیلئے سرمائے کے حصول میں آسانی پیدا ہوجائیگی ، تقریب سے خطاب

جمعرات 27 مارچ 2014 19:49

عالمی بینک داسو اور دیامر بھاشا ڈیم کے لئے ایک ارب ڈالر کا قرضہ دیگا ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی بینک داسو اور دیامر بھاشا ڈیم کے لئے ایک ارب ڈالر کا قرضہ دیگا ،آئندہ ماہ یوروبانڈز اور سپیکٹرم لائسنسز جاری کئے جائیں گے ، پاکستان کا ترقیاتی بجٹ بہت کم ہے، بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے نجی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، حکومتی مالیاتی دستاویزات کا لین دین شروع ہونے سے حکومت کو بڑے ترقیاتی منصوبوں کیلئے سرمائے کے حصول میں آسانی پیدا ہوجائیگی ۔

جمعرات کو اسلام آباد سٹاک ایکسچینج میں گورنمنٹ ڈیٹ سیکورٹیز بانڈز کے اجراء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ترقیاتی بجٹ بہت کم ہے، بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے نجی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، ان بانڈز کے اجراء سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پبلک ڈیٹ مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہا کہ آئندہ ماہ 500 ملین ڈالر کا یورو بانڈز جاری کردیا جائے گا ، 31 مارچ تک 150 ارب روپے کے پاکستان انوسٹمنٹ بانڈز بھی جاری کردیے جائیں گے، جبکہ سپیکٹرم لائسنسز کی نیلامی بھی 23 اپریل کو کی جائے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے کہا کہ ملک میں پبلک ڈیٹ مارکیٹ کا قیام ضروری ہے، حکومت کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری بڑھا رہی ہے، گورنمنٹ ڈیٹ سیکیورٹیز بانڈز کا اجراء اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے

اسحاق ڈار نے کہا کہ ورلڈ بنک آئندہ ماہ دیامربھاشا اور داسو ڈیم کے لئے ایک ارب ڈالر کا قرضہ منظور کرے گا، جس میں 70 کروڑ ڈالر کا قرض داسو ڈیم منصوبے کیلئے جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کراچی سٹاک ایکس چینج کے بعد اب اسلام آباد اور لاہور کی سٹاک ایکسچینجوں میں بھی سرکاری مالیاتی دستاویزات کی لین دین کاآغازکردیا ہے اب بنکوں سمیت چھوٹے سرمایہ کار بھی سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ترین دستاویزات کی خریدوفروخت میں حصہ لے سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت ترقی کر رہی ہے اور معیشت کی بحالی کیلئے ہم نے جو سخت فیصلے کئے تھے ان کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے آئندہ مدت کے دوران تمام مسائل پر قابو پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی فیصلوں کی بدولت ملک پر غیر ملکی سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے معیشت کے تمام شعبے ترقی کریں گے اور بیروزگاری میں خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ بھی شروع کیا جس سے ملک میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور پاکستان خطے میں ایک بڑاتجارتی مرکز بن کر ابھریگا۔

انہوں نے کہاکہ حکومتی مالیاتی دستاویزات کا لین دین شروع ہونے سے حکومت کو بڑے ترقیاتی منصوبوں کیلئے سرمائے کے حصول میں آسانی پیدا ہوجائیگی جس سے ملکی ترقی کی رفتار میں مزید تیزی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مجموعی پیداوار کی شرح نمو کو 6 سے7 فیصد، جی ڈی پی کے ٹیکسوں کے تناسب کو 13 فیصد جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر کو20 ارب ڈالر تک پہنچانے کی 3 سالہ حکمت عملی کے تحت کثیر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے تاکہ معیشت کو پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت کی مثبت اقتصادی پالیسیوں کے باعث عالمی مالیاتی اداروں سمیت ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کے پاکستانی معیشت پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے،عالمی بینک کی جانب سے داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ سمیت توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں کیلئے مئی تک ایک ارب ستر کروڑ ڈالر کے قرضے کی منظوری متوقع ہے۔