Live Updates

یقین کامل ہے نوجوان پاکستان کی تقدیر بدل کر دم لیں گے، ملک کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے‘ محمد شہباز شریف،طالبات ڈگریاں حاصل کرکے گھروں میں بیٹھنے کی بجائے عملی میدان میں آئیں، اپنی قابلیت اور صلاحیت کا لوہا منوائیں، بجلی کے اندھیروں نے قومی معیشت کا جنازہ نکال دیا، کرپشن نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا، ہمیں ملکر ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنا ہے،دنیا میں عزت و وقار سے جینے کیلئے معاشی طور پر مضبوط اور جدید علوم پر دسترس حاصل کرنا ہوگی‘ وزیراعلیٰ کا فاطمہ جناح کالج فار ویمن کے کانووکیشن سے خطاب

جمعرات 27 مارچ 2014 19:05

یقین کامل ہے نوجوان پاکستان کی تقدیر بدل کر دم لیں گے، ملک کو عظیم سے ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان جس طرح مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، مجھے یقین کامل اور امید واثق ہے کہ نوجوان پاکستان کی تقدیر بدل کر دم لیں گے اور ملک کو اقوام عالم میں عظیم تر بنائیں گے، ملک کو عظیم سے عظیم تر بنانے کیلئے طالبات کو بھی عملی میدان میں نکلنا ہوگا،طالبات کو ڈگریاں حاصل کرکے مختلف شعبوں میں اپنی قابلیت اور صلاحیت کا لوہامنوانا ہوگا اور یہی پاکستان کی ترقی کا راستہ ہے۔

وہجمعرات کے روز یہاں گورنمنٹ فاطمہ جناح کالج فار ویمن چونا منڈی میں چھٹے کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، اراکین اسمبلی، پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر، جسٹس (ر) ناصرہ جاوید، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن، کالج فیکلٹیز، پروفیسرز، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات، طالبات اور ان کے والدین کی بڑی تعداد نے کانووکیشن میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے آج کانووکیشن میں ڈگریاں اور میڈلز حاصل کرنے والی طالبات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ طالبات کے چہرے پر خوشی اور پیشانیوں پر امید دیکھ کر بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل انتہائی روشن ہے اور یہی وہ روشن مستقبل کی جانب سفر ہے جس کی بنیاد 23 مارچ 1940 کو قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں یہاں سے چند قدم کے فاصلے پر منٹو پارک کے تاریخی اجتماع میں رکھی گئی تھی۔

قرارداد لاہور کی منظوری کے وقت تمام مسلمان بغیر کسی رنگ و نسل کے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوئے اور تاریخی جدوجہدکے ذریعے اقبال کے تصور کو عملی شکل دی گئی۔ ہمارے بزرگوں نے قیام پاکستان کیلئے عظیم قربانیاں دیں اور اللہ تعالیٰ نے انعام کے طور پر یہ عظیم وطن ہمیں عطا کیا لیکن افسوس کی بات ہے کہ اس قرارداد پر ہم نے بحیثیت قوم عمل نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ الگ وطن اس لئے حاصل نہیں کیا گیا تھا کہ یہاں پر ناانصافی، سفارش ، کرپشن اور دھونس دھاندلی سکہ رائج الوقت ہو۔ میرٹ اور انصاف کی دھجیاں اڑائی جائیں۔ پاکستان حاصل کرنے کا مقصد میرٹ، انصاف اور سب کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع کی فراہمی تھا۔ یقینا جن لوگوں نے وطن عزیز کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں آج ان کی روحیں قبروں میں تڑپ رہی ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان گونا گوں مسائل سے دوچار ہے۔ بجلی کے اندھیروں نے قومی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے جبکہ کرپشن نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد 15 سے 30 سال کے نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں جدید علوم سے آراستہ کرکے ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ عالم ایسی مثالوں سے بھری پڑی ہے جہاں اقوام نے محنت اور جدوجہد کے ذریعے ترقی کا سفر طے کیا اور دنیا میں باوقار مقام حاصل کیا۔

اگر چین، جرمنی، جاپان اور دیگر قومیں محنت کے ذریعے ترقی کی بلندیوں پر پہنچ سکتی ہیں تو ہم بھی بانیان پاکستان کے افکار پر عمل پیرا ہوتے ہوئے محنت، امانت، دیانت کو شعار بنا کر پاکستان کو ترقی یافتہ قوموں کی صف میں کھڑا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بااعتماد دوست چین نے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تاریخی پیکیج دیا ہے اور ہمیں اس پیکیج سے پوری طرح استفادہ کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ فاطمہ جناح کالج فار ویمن علاقے کی خواتین کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف جب پنجاب کے وزیراعلیٰ تھے تو انہوں نے بدنام زمانہ سی آئی اے سینٹر کو عظیم تعلیمی درسگاہ میں بدلا جہاں قوم کی بچیوں کو تعلیم و تربیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے تقریب میں موجود وزیر تعلیم اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ ادارے کی تعمیر و مرمت کے کام کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور ادارے میں جرمنی اور چینی زبانیں طالبات کو سکھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات کو چینی زبان سے آگاہی دلانے کیلئے چین بھی بھیجنا پڑے تو وسائل فراہم کرینگے۔ نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل کی فراہمی سودمند سرمایہ کاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو عربی کے ساتھ ساتھ ان زبانوں کی بھی تعلیم دی جائے جو ترقی اور آگے بڑھنے کیلئے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں عزت اور وقار سے جینے کیلئے معاشی طور پر مضبوط ہونا ہوگا اور جدید علوم پر دسترس حاصل کرنا ہوگی، یہی دین اسلام اور قرآن پاک کی تعلیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان ہونے کے ناطے آخرت پر یقین ہمارے ایمان کا حصہ ہے لیکن ہمیں دنیا میں عزت اور وقار سے جینا بھی سیکھ لینا چاہیئے۔ اس مقصد کیلئے جدید علوم پر دسترس لازم ہے۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے لئے وسائل کی فراہمی پاکستان کے مستقبل کے لئے اہم سرمایہ کاری ہے ۔پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم اور خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے موثر اور عملی اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ٹھوس پالیسیوں اورپروگراموں کے باعث دنیا بھر میں پاکستان کے بارے میں تاثر تبدیل ہو رہاہے اور یہاں تیزی سے سرمایہ کاری آرہی ہے۔ پرنسپل گورنمنٹ فاطمہ جناح کالج فار ویمن مسز شہناز کوثر نے ادارے کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں اور آئندہ کے تعلیمی پروگراموں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی کانووکیشن میں موجودگی ان کی علم دوستی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ادارے کی ترقی میں ہمیشہ مدد فراہم کی اور ان کی مدد کی بدولت ہی ادارہ تعلیمی میدان میں شاندار مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے تعلیم مکمل کرنے والی طالبات میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کئے جبکہ کالج کی پرنسپل نے وزیراعلیٰ، صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کو کالج کے سووینرز پیش کئے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات