حقیقی آزادی کے لئے ایک آزاد معاشی نظام بنانے کی ضرورت ہے،سراج الحق،ہمارا صوبہ قدرتی وسائل سے مالامال ہے، وسائل کی منصفانہ تقسیم انہیں صحیح طور پر استعمال میں لانے کی ضرورت ہے ،اجلاس سے خطاب

جمعرات 27 مارچ 2014 18:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2014ء) خیبر پختو نخوا کے سینئر وزیر برائے خزانہ سراج الحق نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کے لئے ایک آزاد معاشی نظام بنانے کی ضرورت ہے اور ہمیں موجودہ معاشی نظام میں بہتری لانے کے لئے موئثر اقدامات اُٹھانے ہونگے ہمارا صوبہ قدرتی وسائل سے مالامال ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ ان وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو اور انہیں صحیح طور پر استعمال میں لایا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے جمعرات کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں معاشی اصلاحی کمیشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ ممبران کمیشن جسٹس(ر) فدا محمد خان ،پروفیسر محمد ابراہیم ، نورالحق ، محمد ایوب ، ڈاکٹر طاہر منصوری ، ذاکر حسین ، سید محمد عباس ڈاکٹر احسان الحق ، ایڈوکیٹ شمائل احمد ، راشد خان ، محمد اصغر، ضیاء الرحمن ، سیکرٹری خزانہ خیبر پختونخوا سیدّسید بادشاہ بخاری اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سینئرصوبائی وزیر نے کہا کہ اس وقت ملک کے حالات اور خاص کر صوبہ خیبر پختو نخوا کے حالات کو دیکھتے ہوئے ایک ایسے معاشی نظام کی ضرورت ہے جو کہ اسلام اور آئین پاکستان کا تابع ہواور اس ضمن میں معاشی اصلاحی کمیشن کی تجاویز سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا ۔ اُنہوں نے کہا کہ 4321بلین روپے مرکز میں خرچ ہو رہے ہے جس میں سے ہمارے صوبے کو صرف 49بلین روپے سالانہ مل رہے ہے جو کہ مجموعی رقم کا 1.7فیصد ہے ۔

لیکن آبادی کے لحاظ سے ہمارا حصہ 14.7فیصد بنتا ہے جو کہ اس صوبے کے ساتھ سراسر زیادتی ہے ۔موجودہ حالات میں ہمارے صوبے کو زیادہ ریلیف کی ضرورت ہے۔ ہائیڈل پاور پراجیکٹ کا منافع بھی ہمیں مرکز سے ٹھیک طور پر نہیں مل رہا اگر وہ پیسے بھی ہم کو ملتے تو عوام کے ریلیف کے لئے اپنی مرضی کے پراجیکٹس چلا سکتے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ معاشی بہتری کے لئے ہمیں اپنے اخراجات کو کنٹرول کرنا ہوگا اس کے علاوہ کرپشن بھی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اور اسکے انسداد کے لئے ایک نظام وضع کرنا ہو گا جو کہ ہماری مخلوط حکومت کا ایجنڈا بھی ہے۔

متعلقہ عنوان :