خطے میں قیام امن کیلئے وزیراعظم نواز شریف مخلص ہیں ،انجینئرشوکت اللہ،قیام امن کیلئے شروع کئے گئے مذاکرات کی کامیابی کیلئے قبائل مذاکرات کی بھرپور حمایت کریں، قبائلی محب وطن ہیں ،نیت پر کسی کو شبہ نہیں ہوناچاہئے،قبائلی عوام کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،پشاورمیں وفد سے گفتگو

جمعرات 27 مارچ 2014 18:54

خطے میں قیام امن کیلئے وزیراعظم نواز شریف مخلص ہیں ،انجینئرشوکت اللہ،قیام ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2014ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئرشوکت اللہ نے کہاہے کہ خطے میں قیام امن کیلئے وزیراعظم نواز شریف مخلص ہیں اورسنجیدہ کوششیں کررہے ہیں اور اس ضمن میں مذاکرات حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے وزیرقبائل پربالخصوص اورتمام قبائلی عوام پر بالعموم زوردیاہے کہ وہ امن مذاکرات کی بھرپورحمایت کریں تاکہ قیام امن کیلئے شروع کئے گئے مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہوں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کی اولین ترجیح قیام امن کیلئے مذاکرات اورجرگہ ہے۔انہوں نے کہاکہ قبائلی محب وطن ہیں اور ان کی نیت پر کسی کو شبہ نہیں ہوناچاہئیے،قبائلی عوام کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔وہ جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاور میں رکن قومی اسمبلی محمدنذیر خان کی سربراہی میں شمالی وزیرستان ایجنسی کے ایک نمائندہ جرگے سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ خطے میں امن، قبائلی عوام اورزعماء کی کوششوں اور تعاون سے ہی ممکن ہے اورتعمیر وترقی امن سے مشروط ہے اسلئے امن ہی حکومت کی پہلی ترجیح ہے اور اسے قبائلی عوام کی مدد اور تعاون سے ممکن بنایاجائیگا۔ گورنرنے قبائلی زعماء پر زوردیا کہ وہ کرم تنگی ڈیم کی تعمیرمیں حائل رکاوٹوں کو قبائلی روایات کے مطابق حل کریں تاکہ علاقے کو ترقی ملے اور قبائلی عوام اجتماعی طور پر اس میگا پراجیکٹ سے فائدہ اٹھاسکیں۔

گورنر نے وزیرستان کے علاقے میں موذی امراض سے آئے روز متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد میں اضافے پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے ان پرزوردیا کہ وہ نوجوان نسل کی بہتری اور خطے کے مستقبل کو بچانے کیلئے خود آگے بڑھیں اور ہرصورت میں موذی امراض سے بچاؤ کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ گورنرنے قبائل پرزوردیاکہ وہ تعلیم اورصحت کے اداروں میں اساتذہ ، ڈاکٹروں اور دیگر عملہ کی حاضری یقینی بنانے کیلئے خود نگرانی کریں تاکہ ان شعبوں کی خدمات میں بہتری لائی جاسکے۔

قبل ازیں وفد نے گورنر کو علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا اور قیام امن کیلئے جاری حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کی بھر پور تائید کا اعلان کیا۔گورنرنے وفد کی معروضات غورسے سنیں اورانہیں درپیش مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات اٹھانے کایقین دلایا۔