سسی پلیجو نے سندھ ہائی کورٹ میں الیکشن ٹریبونل حیدر آباد کیخلاف آئینی درخواست دائر کردی

جمعرات 27 مارچ 2014 17:40

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27مارچ 2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی پی ایس 85ٹھٹھہ سے امیدوار سسی پلیجو نے الیکشن ٹریبونل حیدر آباد کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن ٹریبونل حیدر آباد امیدوار کا موقف نہیں سن رہا اور نہ ہی مشتبہ ووٹوں کے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کرانے کا حکم دے رہا ہے ۔

درخواست گزار نے سندھ ہائی کورٹ سے استدعا کی کہ ٹھٹھہ میں 12پولنگ اسٹیشنوں کے ووٹوں کی تصدیق انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے نادرا سے کرائی جائے ۔بعد ازاں پیپلزپارٹی کی رہنما سسی پلیجو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ٹریبونل نے پی ایس 85کا ریکارڈ سیل کردیا ہے جبکہ 12پولنگ اسٹیشنوں پر ڈالے گئے ووٹوں کا ریکارڈ غائب کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کے مخالف امیدوار 301ووٹ سے کامیاب ہوئے ہیں لیکن حلقے میں کاسٹ کیے گئے ساڑھے 6ہزار ووٹ جعلی ہیں ۔تاہم الیکشن ٹریبونل 1986کے قوانین پر عملدرآمد کرتے ہوئے ووٹوں کی تصدیق اور بیگ کھول کر جعلی ووٹوں کی نشاندہی کرنے اور مخالف امیدوار کے خلاف درخواست نہیں سن رہا ۔انہوں نے کہا کہ پی ایس 85ٹھٹھہ شیرازی برادری نے 25خواتین پولنگ اسٹیشنوں پر خواتین کو ووٹ کاسٹ نہیں کرنے دیئے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے کامیاب ہوئی ہے اور اسی حلقے کے 116پولنگ اسٹیشنوں کے بیگ بھی غائب کردیئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عدالت سے انصاف کی توقع ہے کہ وہ الیکشن ٹریبونل کو حکم دے کہ وہ انسانی حقوق کے تحت ہمارا موقف سنے ۔واضح رہے کہ پی ایس 85سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار امیر حیدر شیرازی عام انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے ۔

متعلقہ عنوان :