طالبان حکومتی کمیٹی کی ملاقات میں جنگ بندی پر اتفاق کاخیرمقدم کرتے ہیں ‘ جماعت اسلامی پنجاب

جمعرات 27 مارچ 2014 16:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27مارچ 2014ء) پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر اور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے ”طالبان اور حکومتی کمیٹی کی پہلی ملاقات کے بعد فائر بندی جاری رکھنے اور غیر جنگی قیدیوں کی رہائی پر اتفاق“کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکراتی عمل درست سمت بڑھ رہے ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اور طالبان مذاکرات کوخراب کرنے والوں سے ہوشیار رہیں اور ملک میں امن وامان کو یقینی بنانے کے لئے اعتماد کی فضاء کوبرقرار رکھتے ہوئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں،پاکستان کو درپیش اندرونی خطرات کاواویلاکرنے والے درحقیقت بیرونی خطرات سے نظریں چرارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دشمن ہماری صفوں میں انتشار پھیلاناچاہتے ہیں اور اس کے لئے وہ اپنے ایجنٹوں کومتحرک کیے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

سابقہ حکمرانوں نے ملکی عزت،وقار اور سلامتی کوداؤپرلگادیا۔آج 12سال گزرچکے مگر دہشت گردی کے نام پر شروع کی جانے والی جنگ ختم ہونے کانام نہیں لے رہی۔یہ جنگ ہمارے گلی محلوں تک پہنچ چکی ہے۔موجودہ حکومت کی جانب سے مذاکراتی عمل کوجاری رکھنے کافیصلہ یقینا خوش آئند ہے مگر پاکستانی عوام جلد نتائج چاہتے ہیں۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مزید کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ دہشت گردی کی عفریت سے چھٹکارہ حاصل کرکے پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لئے اقدامات کیے جائیں۔نام نہاد امریکی جنگ میں وطن عزیز کوناقابل تلافی نقصان پہنچاہے۔حکمران فی الفور اس سے باہر نکلنے کااعلان کریں۔