ورلڈ ٹی 20 :نیدر لینڈ کی جنوبی افریقا کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ

جمعرات 27 مارچ 2014 15:04

چٹاگانگ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27مارچ 2014ء)ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ٹین مرحلے میں گروپ ون کے ایک میچ میں نیدر لینڈ نے جنوبی افریقاکے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں نیدر لینڈ نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں، جبکہ جنوبی افریقانے ایک تبدیلی کی ہے اور مورنے مورکل کی جگہ ہینڈرکس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

گروپ ون میں پروٹیز دومیچ کھیل چکے ہیں، ایک میچ میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کھائی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کو اس نے آخری اوور میں زیر کیا تھا۔ نیدرلینڈ نے ایک میچ کھیلا ہے جس میں اس شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

گروپ ون میں سری لنکا چار پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے جبکہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے دو، دو پوائنٹس ہیں۔انگلینڈ اور نیدرلینڈ پوائنٹس ٹیبل پر کھاتہ کھولنے کے منتظر ہیں۔

آج کا دوسرا میچ سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ہوگا۔ انگلش ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کھائی تھی، دو فتوحات کھاتے میں جمع کرانے والی سری لنکن ٹیم سے مقابلہ اس کیلئے لوہے کا چنا چبانے کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے۔ سری لنکا کا ٹی ٹوئنٹی میچز میں حالیہ ریکارڈ شاندار ہے اس نے پچھلے پانچ میچز جیتے ہیں اس کے مقابلے میں انگلینڈ نے اپنے گذشتہ تین میچز میں شکست کھائی ہے۔

سری لنکن بیٹنگ بہت اچھی فارم میں ہے البتہ انگلش بولرز کی کارکردگی انتہائی غیر تسلی بخش رہی ہے۔ دوسری جانب سری لنکا کو بولنگ میں اجنتھا مینڈس، ملنگا، اینجلو میتھیوز اور کولاسیکرا جیسے خطرناک بولنگ اٹیک کی خدمات حاصل ہیں جس نے نیدر لینڈ کو گروپ میچ میں صرف 39 رنز پر ڈھیر کردیا تھا۔ ان حالات میں ایشیا کپ کی فاتح ٹیم کو زیر کرنا انگلینڈ کیلئے جوئے شیر لانے کے برابر ہوگا، تاہم انگلش کپتان اچھی کارکردگی کے لیے پرامید ہیں۔