سعودی امداد اور شیخ رشید کے روکے جانے کے خلاف اپوزیشن کا قومی اسمبلی سے واک آؤٹ

جمعرات 27 مارچ 2014 14:02

سعودی امداد اور شیخ رشید کے روکے جانے کے خلاف اپوزیشن کا قومی اسمبلی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27مارچ 2014ء) اپوزیشن جماعتوں نے ڈیڑھ ارب ڈالر کی سعودی امداد اور شیخ رشید کو بیرون ملک سفر سے روکنے کے معاملے پرقومی اسمبلی میں احتجاج کے بعد اجلاس سے واک آؤٹ کردیا۔قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کی رکن نفیسہ شاہ نے ڈیڑھ ارب ڈالر کی سعودی امداد پر بات کرنے کی کوشش کی تو اسپیکر انہیں بولنے کی اجازت نہیں دی، جس پر پیپلز پارٹی کے ارکان کھڑے ہوگئے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی کسی مقصد کے بغیر پیسے نہیں دیتا۔ عالمی سطح پر شیعہ سنی لڑائی کرائی جا رہی ہے، 1980 کی دہائی میں ہم نے پیسے لے کر مجاہدین بنائے اور 2001 میں ان ہی کو دہشتگرد قرار دے دیا۔ عوام کا حق ہے کہ وہ پوچھےاس تحفے کی کیا قیمت ادا کرنی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر جو سلوک ان کے ساتھ ہوا، ایسا ہی سلوک حکمرانوں کے ساتھ بھی ایک نہ ایک دن ضرور ہوگا۔ جس کے بعد پیپلز پارٹی ، عوامی نیشنل پارٹی، تحریک انصاف اور دیگر اپوزیشن ارکان اجلاس کا واک آؤٹ کرتے ہوئے باہر چلے گئے۔