کیجروال پاکستانی ایجنٹ،اقتدارملا تو مسئلہ کشمیر حل کرائیں گے،نریندرمودی، عمرعبداللہ اور راہل گاندھی ”شہزادے“ہیں ان کے پاس عام آدمی کیلئے وقت نہیں ،پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں تشددکو ہوادی،گجرات فسادات میں ملوث نہیں مگراس پر کوئی پچھتاوابھی نہیں،واجپائی کے نامکمل منصوبوں کو پائی تکمیل تک پہنچائیں گے،انتہا پسندبی جے پی کے عوام سے جھوٹے وعدے، بی جے پی اور اس کے اتحادی واجپائی کے نقشہ قدم پر چلیں تومقبوضہ کشمیر میں امید کی فضا قائم ہوسکتی ہے،میرواعظ عمر فاروق کا ردعمل

بدھ 26 مارچ 2014 22:44

کیجروال پاکستانی ایجنٹ،اقتدارملا تو مسئلہ کشمیر حل کرائیں گے،نریندرمودی، ..

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2014ء) بھارتی وزیراعظم کے امیدواراورانتہا پسند بی جے پی کے سینئر رہنماء نریندر مودی نے اعلان کیا ہے کہ اگر انہیں اقتدار ملا تو وہ ساٹھ سالہ مسائل کو ساٹھ دن میں حل کردیں گے،سابق وزیراعلی نئی دہلی اروند کیجروال پاکستانی ایجنٹ ہیں ان کی ویب سائٹ پر بھارت کے نقشے میں مقبوضہ کشمیرکا کوئی وجود نہیں ہے،گجرات فسادات میں ملوث نہیں مگر اس پر کوئی ندامت بھی نہیں ہے،بھارتی ٹی وی کے مطابق بد ھ کو بھارت اور پاکستان کی سرحد کے قریب مقبوضہ کشمیر کے ہیرانگر علاقے میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے علیحدگی پسند رہنما میرواعظ عمرفاروق کی تجویز کے ردعمل میں کہا کہ بی جے پی برسراقتدار آئی تو کشمیر کے مسئلہ کو انسانیت کے دائرے میں رہ کر ہی حل کرنے کی کوشش کی جائے گی،کشمیر دہشت گردی کو دوام بخشنے کے لئے تین اے کے کافی ہیں، اے کے 47، اے کے انتونی اور اے کے انچاس ہیں جن کا نام اروند کیجریوال ہے،انھوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اے کے 47 رائفلز کومقبوضہ کشمیر میں بھیج کر پاکستان نے یہاں تشدد کو ہوا دی ہے اور اروند کیجریوال نے اپنی پارٹی کی ویب سائٹ پرمقبوضہ کشمیر کے نقشے کو پاکستان کا حصہ دِکھایا ہے،

انہوں نے الزام عائدکیاکہ سرحد پار سے دہشت گردوں نے مقبوضہ کشمیر میں نہ صرف لوگوں کو قتل کیا بلکہ کشمیریت پر بھی حملہ کیا،انہوں نے کہاکہ ہم بھارت اور کشمیر کو خاندانی راج سے آزادی دلائیں گے،انھوں نے عمرعبداللہ اور راہل گاندھی کو ”شہزادے“کہہ کر پکارا اور کہا کہ ان دونوں کے پاس عام آدمی کیلئے کوئی وقت یا ترجیح نہیں ہے، نریندرمودی نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ گجرات فسادات پر مجھے افسوس ضرورہے لیکن اس پر کوئی ندامت نہیں،گجرات فسادات کے بعد مستعفی ہونا چاہتاتھا لیکن پارٹی نے عہدے پر برقراررکھا،ان کا کہنا تھاکہ وہ اگر ویزراعظم بنے تو کوشش کریں گے کہ تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ مساوی سلوک کریں تاہم اگر کسی نے ان کی کمزوری کا فائدہ اٹھایاتو وہ اس کا جواب دینا بھی جانتے ہیں،ادھر حریت کانفرنس (میرواعظ)گروپ کے سربراہ میرواعظ عمرفاروق نے ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی اور اس کے اتحادی اگر سابق وزیراعظم ہند اٹل بہاری واجپائی کے نقشہ قدم پر چلیں تو کشمیر میں امید کی فضا قائم ہوسکتی ہے۔