جماعت الدعوة نے پنجاب حکومت سے کبھی ایک پیسہ بھی نہیں لیا‘ ترجمان

بدھ 26 مارچ 2014 22:41

جماعت الدعوة نے پنجاب حکومت سے کبھی ایک پیسہ بھی نہیں لیا‘ ترجمان

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2014ء) جماعةالدعوة پاکستان کے ترجمان محمد یحییٰ مجاہد نے پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر کی طرف سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں دیے گئے اس بیان کہ ” اقوام متحدہ نے حافظ محمد سعید پر پابندی لگا رکھی ہے لیکن وہ کام بھی کر رہے ہیں اور پنجاب حکومت نے اپنے بجٹ سے انہیں 61ملین روپے بھی دئیے ہیں“پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعةالدعوة نے پنجاب حکومت سے کبھی ایک پیسہ بھی نہیں لیا۔

حکومت کی طرف سے ہمارے تعلیمی اداروں کو قبضہ میں لیکر جو ایڈمنسٹریٹر مقرر کئے گئے ہیں ‘اگر ان کیلئے کوئی بجٹ مختص کیا گیا ہے تو جماعةالدعوة کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔فرحت اللہ بابر کو اپنی معلومات درست کرنی چاہئیں۔اپنے بیان میں ترجمان نے کہاکہ فرحت اللہ بابر کی پارٹی کے دورحکومت میں حافظ محمد سعید کو گرفتار کیا گیا اور جماعةالدعوة پر پابندی لگانے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے جب ہمارے حق میں فیصلہ دیا تو پی پی حکومت کے وزیر داخلہ رحمن ملک ہمارے خلاف سپریم کورٹ میں چلے گئے تاہم سپریم کورٹ نے بھی حافظ محمد سعید اور جماعةالدعوة کے خلاف لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد قراردیتے ہوئے نہ صرف امیر جماعةالدعوة کو رہا کیا بلکہ واضح طور پر کہاکہ جماعةالدعوة ایک رفاہی و فلاحی تنظیم ہے جسے پاکستان میں کام کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔

یحییٰ مجاہد نے کہاکہ جماعةالدعوة پچھلے کئی برسوں سے سندھ اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں پانی کے کنویں کھدوا رہی ہے اور تعلیم و صحت کے حوالہ سے کروڑوں روپے مالیت کے فلاحی منصوبہ جات پر کام کر رہی ہے۔تھرپارکر میں حالیہ قحط سالی کے دوران بھی جماعةالدعوة کی رفاہی سرگرمیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔اس لئے ہم کہتے ہیں کہ فرحت اللہ بابرکو اصل حقائق سے پہلوتہی اختیار نہیں کرنی چاہیے۔ اگر اس سلسلہ میں ان کے پاس صحیح معلومات نہیں ہیں تو وہ ہم پر غصہ نکالنے کی بجائے عدالتوں پر نکالیں جنہوں نے جماعةالدعوة کو ملک میں رفاہی و فلاحی سرگرمیاں سرانجام دینے کی اجازت دی۔

متعلقہ عنوان :