موسیقی کا رشتہ میری روح کے ساتھ جڑا ہوا ہے‘گلوکارہ تصور خانم

بدھ 26 مارچ 2014 13:31

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26مارچ 2014ء) معروف گلوکارہ تصور خانم نے کہا ہے کہ موسیقی کا رشتہ میری روح کے ساتھ جڑا ہوا ہے مرتے دم تک اسکو نہیں چھوڑ سکتی ۔ پاکستانی موسیقی کا جادو پوری دنیا میں سر چڑھ کر بولتا ہے ۔ آج ہماری نوجوان نسل میں کلاسیکل موسیقی اور غزلیں سننے کا رجحان بڑھتا جارہاہے ۔اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہر دور میں نوجوان نسل ہی اپنے ماضی کے ہیروز کا نام روشن کرتی ہے ۔

ہمارے نوجوان بھی آج اس شعبے میں باقاعدہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ انکا کہنا تھا کہ اب پاکستان فلم انڈسٹری میں وہ کام نہیں جو پہلے ہوا کرتا تھا لیکن موجودہ دور میں تھوڑی بہت پاکستان فلم انڈسٹری کی بہاریں دوبارہ نمودار ہونا شروع ہوئی ہیں جو کہ فلم انڈسٹری کے ساتھ ساتھ پلے بیک سنگرز کے لئے بھی نیک شکون ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے کام کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت محدود کام کر رہی ہوں لیکن کام چھوڑا نہیں ہے پرائیویٹ اداروں کے فنکشن و دیگر تقریبات میں اپنی آواز کا جادو جگاتی ہوں جو لوگ مجھ کو سننا چاہتے ہیں وہ کہیں سے بھی مجھ کو ڈھونڈ نکالتے ہیں اور جو میرے در پر آجائے تو مجھ سے انکار نہیں ہوتا ان کی تقریب کو بڑی خوش دلی سے کرتی ہوں ۔

نئے نوجوان نسل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ موسیقی ایک باقاعدہ فن ہے جس کے لئے ریاض ضروری ہے لیکن آجکل کی نوجوان نسل میں ریاض کرنے کا رجحان دیکھنے کو نہیں ملتا جس کی وجہ سے بڑی شان کے ساتھ آنے والے سنگرز تھوڑے ہی عرصے میں سمندر کی جھاگ کی طرح بیٹھ جاتے ہیں ۔ انکا کہنا تھا کہ میں نے اپنی ساری عمر موسیقی کے نا م کی ہوئی ہے ۔ میرے سامنے کتنے گلوکار آئے کئی نے بہت نام کمایا کئی گمنام ہوگئے لیکن اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ میرے چاہنے والے آج بھی مجھ کو اسی طریقے سے چاہتے ہیں جس طرح انکی پہلے چاہت تھی ان کا کہنا تھا کہ غزل گائیگی اور کلاسیکل موسیقی کبھی نہیں مر سکتی ۔

متعلقہ عنوان :