عوام کے نمائندہ ہیں، سرمایہ ان کی بہبود اور ترقی پر خرچ کرنے کو یقینی بنائیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان ،منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر یا رکاوٹ کے ذمہ دار حکام کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی،ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ

منگل 25 مارچ 2014 21:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ہم عوام کے نمائندہ ہیں اور ان کا سرمایہ ان کی بہبود اور ترقی پر خرچ کرنے کو یقینی بنائیں گے، انہوں نے سرکاری حکام پر زور دیا کہ وہ حکومتی پالیسی پر دیانتداری اور مستعدی کے ساتھ عمل کریں ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیار کے مطابق تکمیل کو یقینی بنائے گی اور ان منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر یا رکاوٹ کے ذمہ دار حکام کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی، یہ بات انہوں نے منگل کے روز صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں رواں مالی سال کی پی ایس ڈی پی پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، ایڈیشنل چیف سیکریٹری(ترقیات) اسلم شاکر بلوچ نے کابینہ کو قلات، کوئٹہ، چمن شاہراہ، ہوشاب ، ناگ، بسیمہ، سوراب روڈ کی توسیع، سریاب اور کوئلہ پھاٹک کے فلائی اوور، بلوچستان پیکج فیز۔

(جاری ہے)

I کے تحت 100 ڈیلے ایکشن ڈیموں کی تعمیر، فیز۔II، کچھی کینال فیز۔I(ڈیرہ بگٹی تک)، نولانگ اسٹوریج ڈیم جھل مگسی اور شادی کورڈیم گوادر کی تعمیر نو سمیت جاری ترقیاتی اسکیموں کے بارے میں کام کی رفتار سے آگاہ کیا، اجلاس میں وفاقی پی ایس ڈی پی ، ایم پی اے اسکیموں اور صوبائی پی ایس ڈی پی کے منصوبوں پر فنڈز کے اجراء اور کام کی رفتار کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی پی ایس ڈی پی کی اسکیموں کے لیے مختص کردہ فنڈز میں سے صرف 25فیصد رقم اب تک جاری کی گئی ہے، کابینہ کے اراکین اور وزیر اعلیٰ نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کی پارلیمانی لیڈروں کا ایک وفد اسلام آباد جا کر وفاقی حکومت سے اس مسئلے پر بات کریگا اور فنڈز کے اجراء کو یقینی بنایا جائیگا، ایڈیشنل چیف سیکریٹری(ترقیات) نے ایم پی اے اسکیموں کے بارے میں بتایا کہ اراکین صوبائی اسمبلی کی تجویز کردہ اسکیموں کے لیے مختص کئے گئے 16ارب روپے میں سے 8ارب روپے کی اسکیموں کی منظوری دی جا چکی ہے اور توقع ہے کہ ایم پی اے اسکیموں پر 80فیصد عملدرآمد سال کے اختتام تک ہو جائے گا، انہوں نے بتایا کہ متعدد اراکین اسمبلی کی طرف سے اب تک اسکیموں کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے ، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر کہا کہ مختص بجٹ کے استعمال کو یقینی بنایا جائے، صوبائی پی ایس ڈی پی کے منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر کا اور خاص طور سے مختلف منصوبوں کے فنڈز جاری نہ ہونے پر کابینہ نے تشویش کا اظہار کیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر کہا کہ وزراء اپنے محکموں کے سیکریٹریوں کے ساتھ مل کر اسکیموں پر باقاعدگی سے عملدرآمد پر جائزہ لیں، انہوں نے کہا کہ تمام منصوبوں کے پی سی ۔

Iجلد از جلد تیار کئے جائیں، فنڈز کے بروقت اجراء کو یقینی بنایا جائے اور مختص ترقیاتی بجٹ کو مالی سال کے اختتام تک استعمال میں لایا جائے، انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے ، انہوں نے کہا کہ عوام کا سرمایہ ضائع کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دے سکتے، بجٹ میں مختص کئے گئے فنڈز کو استعمال نہ کرنے یا ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں کوتاہی یا رکاوٹ کا ذمہ دار سیکریٹری یا کوئی بھی افسر ہو اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :