تھر پارکر کے لئے وفاق کی جانب سے اعلان کردہ امداد سندھ حکومت کو نہیں بلکہ این ڈی ایم اے کے ذریعے تقسیم کی جائیں گی، عرفان اللہ مروت

منگل 25 مارچ 2014 21:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2014ء) سندھ اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر عرفان اللہ مروت نے کہا ہے کہ تھر پارکر کے لئے وفاق کی جانب سے اعلان کردہ امداد سندھ حکومت کو نہیں بلکہ خود وفاق اور نیشنل ڈزآسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ذریعے تقسیم کی جائیں گی۔ سندھ کے وزیر اطلاعات کے بیانات کے وہ خود ذمہ دار ہیں۔

صوبے میں دی این اے لیبارٹری کے حکومتی دعوے صرف ایوان میں قراردادوں تک ہی محدود ہیں۔پورے ملک کے شہریوں کا کوئی ڈی این اے ریکارڈ ملک میں نہیں ہے۔ منگل کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عرفان اللہ مروت نے کہا کہ وفاق کی جانب سے اگر امداد صوبے کے حوالے کی جاتی تو اس امداد کا اللہ ہی حافظ ہوتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاق نے اعلان کردہ امدادی رقم کی ترسیل کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت اور این ڈی ایم اے کام کررہی ہے۔

سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے بعد سانحہ حب کے جل جانے والوں کے ڈی این اے ٹیسٹ کے صوبے میں انتظامات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ صرف حکومتی دعوے ہیں اور اسمبلی تک محدود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اس ملک کے ایک ایک شہری کا ڈی این اے ریکارڈ لیبارٹریز میں موجود نہیں ہوگا لیبارٹری کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے تمام لوگوں کے ڈی این اے کا ریکارڈ لیا جائے اور اسے قومی شناختی کارڈز کے ذریعے واضح کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :