افغان الیکشن کمیشن کے صوبائی دفتر،صدارتی امیدوارکے گھر پر طالبان کا حملہ،پولیس اہلکاروں سمیت 12ہلاک،24زخمی،ہلاک ہونیوالوں میں الیکشن کمیشن کے اہلکار ،صوبائی الیکشن کونسل کا امیدواربھی شامل ہے،افغان وزارت داخلہ،آپریشن چارگھنٹے تک جاری رہا،دھماکہ خیز مواد الیکشن کمیشن کے دفترمیں بھی نصب کیاگیاتھا،زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیاگیا

منگل 25 مارچ 2014 21:05

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2014ء) افغان صدارتی امیدوارکے گھر کے قریب ریجنل الیکشن کمیشن کے دفتر پر طالبان کے حملے کے نتیجے میں حملہ آور سمیت 12افرادہلاک اور24زخمی ہوگئے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق منگل کو افغان وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے صحافیوں کو بتایاکہ واقعہ کابل کے علاقے دارالامان میں پیش آیا ،دوحملہ آور نے دھماکہ خیز مواد الیکشن کمیشن کے دفتر میں نصب کیا اوراپنے باقی تین ساتھیوں کو حملہ کرنے کا اشارہ دیا،اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اورپولیس اورحملہ آوروں کی درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں،تین میں سے دوحملہ آور چندگھنٹوں کی لڑائی کے بعد مارے گئے جبکہ تیسراحملہ آور چارگھنٹے تک فائرنگ کے تبادلے کے دوران ہلاک ہوگیا،انہوں نے کہاکہ حملے کے وقت 70ملازمین دفترمیں موجودتھے،انہوں نے کہاکہ حملے میں دوپولیس اہلکار نصب شدہ دھماکہ خیز مواد کا نشانہ بنے ،ہلاک ہونے والوں میں صوبائی الیکشن کونسل کا امیدواراوردوالیکشن کمیشن کے اہلکار بھی مارے گئے،انہوں نے کہاکہ سپیشل فورس اورافغان پولیس بھی افغان دستوں کی مددکے لیے جائے وقوعہ پرپہنچ گئی تھی اورانہوں نے بھی اس آپریشن میں حصہ لیا،حملے میں زخمی افرادکو ایمبولینس اورپولیس گاڑیوں میں ہسپتال پہنچادیاگیا۔