عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں،عنایت اللہ ،مسائل کے حل اور صوبے کے ترقی کیلئے سیاسی اختلافا ت کو بالائے طاق رکھ آگے بڑھنا ہوگا، وزیر بلدیات خیبرپختونخوا

منگل 25 مارچ 2014 21:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2014ء) خیبرپختونخواکے وزیر بلدیات ودیہی ترقی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں۔مسائل کے حل اور صوبے کے ترقی کیلئے سیاسی اختلافا ت کو بالائے طاق رکھ آگے بڑھنا ہوگا۔ صوبے میں قیام امن اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ترقی و خوشحالی کے لیے مثالی امن کا قیام اور کرپشن کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے ۔

حکومت عوام کے سامنے جواب دہ ہے جس کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے جس کے بعد عوام صوبے میں خوشگوار تبدیلی محسوس کریں گے ۔صوبہ خیبرپختونخوا بے پناہ قدرتی وسائل سے مالامال ہے مخلص اور دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے ۔کلین انیڈگرین کے پی کے ہمارا نعرہ و خواب ہے جس کو جلد تعبیر ملے گی ۔

(جاری ہے)

وہ پبلک ڈے کے موقع پر المرکزاسلامی پشاور میں لوگوں سے بات چیت کررہے تھے ۔

عنایت اللہ خان نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ملک کا بڑا مسئلہ کرپشن ہے جس نے ملکی معیشت کو دیمک کی طرح کمزور کردیا ہے کرپشن کی وجہ سے ملک میں امیر ،امیر تر اور غریب ،غریب ترہورہاہے ۔اور حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ مڈل کلاس آدمی کو دو وقت روٹی بھی مشکل سے دستیاب ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت پہلی فرصت میں کرپشن و کمیشن کا خاتمہ کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت قانون و میرٹ کی حکمرانی قائم کرنے اور کرپشن کے خاتمے اور ہر محکمہ میں شفافیت لانے کے لیے کمربستہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایسے قوانین بنائیں گے کہ آنے والے دور میں بھی کوئی کرپشن نہیں کرسکے گا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت سرکاری اہلکاروں کو حقیقی معنوں میں عوامی خدمت گار بنانے اور کرپشن کا راستہ روکنے کے لیے احتسابی قوانین بھی وضع کیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے عوامی مسائل کے حل کا تہیہ کررکھا ہے اور خدمت کے ذریعے حکومت پر عوام کے اعتماد کو بحال کریں گے۔

متعلقہ عنوان :