ملک میں 45 فیصد سرکاری ا سکول بغیربجلی، 35 فیصد چاردیواری کے بغیر

منگل 25 مارچ 2014 19:01

ملک میں 45 فیصد سرکاری ا سکول بغیربجلی، 35 فیصد چاردیواری کے بغیر

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2014ء) یونیسف ،یونیسکو اور حکومت پاکستان کی جانب سے ملک بھر کے سرکاری پرائمری اسکولوں سے متعلق رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 5 سے 9 سال کی عمر کے 32 فیصد بچے اسکول نہیں جاتے۔اسلام آباد میں وزارت تعلیم کے ادارے اکیڈمی آف ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ مینجمنٹ اور اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام ، یونیسف، اور یونیسکو کی مشترکہ رپورٹ جاری کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے پرائمری اسکولوں میں اساتذہ کی اوسطا تعداد تین سے بھی کم ہے، 17 فیصد سرکاری پرائمری اسکولوں کے طالب علم ایک کمرے کے اسکول میں تعلیم حاصل کررہے ہیں ،جبکہ 8 فیصد اسکولوں کی سرے سے کوئی عمارت ہی نہیں ، 35 فیصد پرائمری سرکاری اسکول بیت الخلا سے محروم ہیں ، 45 فیصدا سکول بغیر بجلی جبکہ 35 فیصد بغیر چار دیواری کے موجود ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ اجراء کے موقع پر وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ نظام تعلیم کی بہتری کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔رپورٹ میں حکومت کو تجویز دی گئی ہے کہ اسکولوں کی حالت بہتر بناکر والدین کو آمادہ کیا جائے کہ وہ بچوں کو اسکول بھیجیں، ورلڈ فوڈ پروگرام کے حکام کا کہنا تھا کہ تعلیم عام ہوگی تو ملک سے غربت کا خاتمہ بھی ہوسکے گا۔

متعلقہ عنوان :