جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کی روک تھام کے لئے ٹمبر مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی،محمودخان

منگل 25 مارچ 2014 18:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2014ء)خیبر پختو نخوا کے وزیر برائے کھیل وسیاحت،میوزیم و آثار قدیمہ اور اُمور نوجوانان محمود خان نے محکمہ جنگلات کے حکام سے کہا ہے کہ وہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کی روک تھام کے لئے ٹمبر مافیا کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرے اور جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ضلع سوات کے دورے کے دوران تحصیل مٹہ میں شجر کاری مہم کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں دوسروں کے علاوہ محکمہ کے جنگلات کے حکام ، معززین اور علاقے کے عوام بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر محمود خان نے علاقے کے عوام سے کہا کہ وہ جنگلات کی حفاظت اور زیادہ سے زیادہ رقبے پر جنگلات لگانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

کیو نکہ جنگلات کا قدرتی آفات سے بچانے اور آلودگی ختم کرنے میں اہم رول ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عمران خان کی ویژن کی مطابق جنگلات کے حفاظت اور غیر قانونی کٹائی کا خاتمہ اور ٹمبر سمگلروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کے لئے قانون سازی کررہی ہے ۔

اُنہوں نے محکمہ جنگلات کے افسروں اور اہلکاروں سے کہا کہ وہ جنگلات کی حفاظت اور غیر قانونی کٹائی کی روک تھام کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی بھی افسر یا اہلکار کو اس ضمن میں غفلت یا کوتامیں ملوث پایا گیا تو ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لینے سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر صوبائی وزیر محمود خان نے دیارپودا لگا کر تحصیل مٹہ میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔