بھارتی سپریم کورٹ نے کرکٹ بورڈ کے سربراہ سری نواسن کوعہدہ چھوڑنے کے لیے دو دن کی مہلت دیدی

منگل 25 مارچ 2014 16:33

ممبئی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25مارچ 2014ء) بھارتی سپریم کورٹ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سری نواسن کوعہدہ چھوڑنے کے لیے دو دن کی مہلت دیدی۔آئی پی ایل کے چھٹے ایڈیشن میں سپاٹ فکسنگ کا ایک بڑا سکینڈل منظر عام پر آیا جس میں کرکٹرز سمیت نامی گرامی ناموں کے بارے میں انکشافات ہوئے۔

(جاری ہے)

انڈین پریمئیر لیگ میں سٹے بازی کے الزام میں بگ تھری کے باس بھارتی بورڈ کے سربراہ سری نواسن کے داماد گروناتھ می اپن بھی گرفتار ہوئے جس کے بعد چنائی سپر کنگز کے مالک گروناتھ می اپن نے فکسنگ الزامات کا اعتراف بھی کیا لیکن بی سی سی آئی کے دبا ؤمیں بھارتی پولیس حکام کو می اپن کو ضمانت پر رہا کرنا پڑا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ میں آئی پی ایل فکسنگ سکینڈل کی سماعت ہوئی۔عدالت کی جانب سے بیان جاری کیا گیا کہ فکسنگ سکینڈل کی شفاف تحقیقات کے لیے سری نواسن کو بی سی سی آئی کی صدارت چھوڑنا پڑے گی۔سپریم کورٹ کے جج نے کہا کہ اگر سری نواسن نے دو دن میں اپنا عہدہ نہ چھوڑا تو انہیں معطل کرنے کا حکم جاری کر دیا جائے گا۔آئی پی ایل فکسنگ سکینڈل کی آئندہ سماعت 27 مارچ کو ہو گی۔

متعلقہ عنوان :