ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں کم سکورکاورلڈریکارڈ، ہالینڈ کی پوری ٹیم 39رنزپرآؤٹ ہوگئی،سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 5ویں اوورمیں حاصل کرکے ہالینڈ کو 9 وکٹ سے شکست دیدی

پیر 24 مارچ 2014 22:59

ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں کم سکورکاورلڈریکارڈ، ہالینڈ کی پوری ٹیم 39رنزپرآؤٹ ..

چٹا کانگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2014ء) انٹر نیشنل کرکٹ میں نئی تاریخ درج ہو گئی، ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی بے بی ٹیم ہالینڈ کے 39 رنز پر آؤٹ ہونے سے ریکارڈ قائم ہو گیا۔ورلڈ ٹی ٹونٹی گروپ بی کے میچ میں سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 5ویں اوورمیں حاصل کرکے ہالینڈ کو 9 وکٹ سے شکست دیدی۔ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر ہالینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو ہالینڈ کے بلے باز سری لنکا کی نپی تلی بالنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور ہالینڈ کی پوری ٹیم 11 اوور کی تیسری گیند پر 39 رنز کے ریکارڈ کم ترین اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔

(جاری ہے)

ہالینڈکے پانچ کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ کوپر سب سے زیادہ 16 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سری لنکا کی طرف سے میتھیوس اور اجنتا مینڈس نے 3،3،ملنگا نے 2 جبکہ کولاسیکارا نے ایک وکٹ لی۔39 رنز کے تعاقب میں سری لنکا نے 5 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف پورا کر لیا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں اس سے پہلے کم سے کم سکور 68 تھا جو 2010 ء کے میگا ایونٹ میں آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا تھا۔ بیس بیس اوور کے مختصر ترین فارمیٹ کے انٹرنیشنل میچ کا کم ترین سکور 56 ہے ،جو تیس ستمبر 2013 کو کینیا نے افغانستان کے خلاف بنایا تھا۔