قومی اسمبلی نے شیخ رشید احمد کو کینیڈا جانے سے روکنے کے حوالے سے تحریک استحقاق کی منظوری دیدی

پیر 24 مارچ 2014 22:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2014ء) قومی اسمبلی نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو کینیڈا جانے سے روکنے کے حوالے سے ان کی تحریک استحقاق کی منظوری دیدی جسے استحقاق کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ پیر کو قومی اسمبلی میں شیخ رشید احمد نے استحقاق کی تحریک پیش کی کہ وہ 21 مارچ کو پی آئی اے کی فلائٹ نمبر پی کے 781 پر کینیڈا یوم پاکستان کے جلسہ میں شرکت کیلئے جا رہے تھے تاہم انہیں جہاز میں سے اتار دیا گیا اس سے نہ صرف ان کا بلکہ پورے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے اس کی مخالفت نہیں کی جس کے بعد شیخ رشید احمد نے تحریک استحقاق پڑھی اور اسے متعلقہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ اس معاملے پر حکومت اور اپوزیشن متفق ہیں۔ شیخ رشید احمد جس ادارے یا اراکین کو بلانے کی بات کرینگے انہیں استحقاق کمیٹی میں بلایا جائے گا اس کمیٹی کو خصوصی درجہ حاصل ہو گا۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ یہ رویہ ایک رکن پارلیمنٹ کے ساتھ روا رکھا گیا پسند اور ناپسند کی بنیاد پر اراکین کو بلایا جاتا ہے۔ یہ صرف شیخ رشید کی توہین نہیں بلکہ پورے ایوان کی توہین ہے۔