گڈانی ٹریفک حادثے میں جاں بحق افرادکی 30میتیں تدفین کیلئے حب پہنچا دی گئیں،لواحقین کاقومی شاہراہ پردھرنا،ایمبولینسوں کاروک لیا،غیر قانونی پیٹرول کی اسمگلنگ پر پابندی عائد کرنے تک لواحقین کا تدفین سے انکار ،حکومتی یقین دہانی پردھرناختم کیا

پیر 24 مارچ 2014 20:24

اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2014ء) گڈانی ٹریفک حادثے میں جاں بحق افرادکی 30میتیں تدفین کیلئے حب پہنچا دی گئیں،لواحقین نے مین قومی شاہراہ پر دھرنا دیکر میتیں لیکر آنے والی ایمبولینسوں کو روک دیا،ذمہ دار وں کے خلاف کاروائی نہ ہونے اور غیر قانونی ایرانی پیٹرول وڈیزل کی اسمگلنگ پر پابندی عائد کرنے تک لواحقین کا تدفین سے انکار ،صوبائی حکومت کے ترجمان جان محمد بلیدی کامظاہرین کو فون، یقین دہانی پر مظاہرین نے دھرنا ختم کرکے سوختہ میتوں کی تدفین کی اجازت دے دی، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ضلع لسبیلہ کی تحصیل گڈانی میں باگڑھ نالے کے مقام پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے 30افراد کی نعشیں کراچی سے ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے حب لائی گئیں میتوں کی حب آمد کی اطلاع پر لواحقین فوری طور پر حب تھانے پہنچ گئے اور تھانے کے سامنے مین آرسی ڈی شاہراہ پر لواحقین نے دھرنا دیکر قومی شاہراہ بلاک کردی جس کی وجہ سے کراچی کوئٹہ شاہراہ ٹریفک کے لئے مکمل طور بندہوگئی اورمسافر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اس دوران مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ادھر مظاہر ین حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے اور واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کامطالبہ کرتے رہے مظاہرین کا کہناتھا کہ گزشتہ روز اتنا بڑا سانحہ ہوا ابھی تک حکومت کی جانب سے ذمہ داروں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی اور نہ ہی حکومت نے غیرقانونی طور پر ایرانی پیٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ پر پابندی عائد کی ہے جس کی وجہ سے ہم اپنے پیاروں کی تدفین نہیں ہونے دیں گے جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں کیے جاتے اور جب تک حکومت سانحے کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی اور غیر قانونی تیل کی اسمگلنگ پر پابندی عائد نہیں کرتی تب تک ہم تدفین ہونے نہیں دینگے مظاہر ین سے نیشنل پارٹی لسبیلہ کے رہنما و میونسپل کمیٹی حب کے کونسلر رجب علی رند،سابق سینیٹر حمید بلوچ،ڈپٹی کمشنر لسبیلہ عامر سلطان ترین،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لسبیلہ احمد نواز چیمہ بھاری پولیس نفری کے ہمراہ مزاکرت کیلئے پہنچ گئے تو مظاہرین نے وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کی آمد کا مطالبہ کردیا تو نیشنل پارٹی کے رہنما رجب علی رند نے وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کے ترجمان جان محمد بلیدی کو فون کرکے واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور مظاہرین کو صوبائی حکومت کے ترجمان جان محمد بلیدی سے فون پر بات کرائی تو ترجمان جان محمد بلیدی نے سانحے کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی اور ایرانی پیٹرول کی غیرقانونی اسمگلنگ پر پابندی عائد کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا اور میتوں کی تدفین کی اجازت دے دی اور ضلعی انتظامیہ نے بابو شیخ گوٹھ حب کے قبرستان میں ہزاروں افراد کی موجودگی میں سوختہ میتوں کی تدفین کردی ۔

متعلقہ عنوان :