ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عمر کوٹ ‘ سانگھڑ اور خیرپور کے قحط متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی

پیر 24 مارچ 2014 19:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2014ء) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارتی سندھ کے ڈائریکٹر جنرل سید سلمان شاہ نے پی ڈی ایم اے سندھ کی سرگرمیاں تھر کے علاوہ عمر کوٹ ‘ سانگھڑ اور ضلع خیرپور میں بھی تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اے سندھ کے عملے نے تھر پارکر کے قحط سالی متاثرین کی بحالی کے لئے 17 دن میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔

ڈی جی ‘ پی ڈی ایم اے سندھ نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق تھرپار کر ‘ عمر کوٹ ‘ سانگھڑ اور ضلع خیرپور میں قحط سالی کے متاثرہ علاقوں کے مریضوں کا موبائل و سرکاری ڈسپنسریوں اور میڈیکل کیمپوں کے ذریعے علاج جاری ہے اور 47089 ضلع تھرپارکر ‘ 15368 ضلع عمر کوٹ اور ضلع سانگھڑ میں 8427 جبکہ ضلع خیرپور میں اب تک 11449 افراد کا مختلف بیماریوں کا علاج کیا جاچکا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈی جی ‘ پی ڈی ایم اے سندھ سید سلمان شاہ نے بتایا کہ گذشتہ روز کی ملنے والی رپورٹ کے مطابق تھرپارکر میں اب تک 25,68,800 ‘ ضلع عمر کوٹ میں 164420 ‘ضلع سانگھڑ میں 80131 اور ضلع خیرپور میں 62819 مال مویشیوں کو ویکسین پلائی جاچکی ہے اور مزید سروے بھی جاری ہے جب تک ایمرجنسی ہے یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ڈی جی ‘ پی ڈی ایم اے سندھ سید سلمان شاہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تھر میں 206732 خاندانوں کو مفت گندم فراہم کی گئی ہے جس میں سانگھڑ میں 1676 خاندانوں ‘ عمر کوٹ میں 2872 خاندانوں میں بھی 50 کلو گرام گندم کے تھیلے تقسیم کئے گئے ہیں جبکہ پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے گذشت روز بھی مزید 2000 راشن بیگ سانگھڑ اور 1000 راشن بیگ عمر کوٹ بھیجے گئے ۔

پی ڈی ایم سندھ متاثرین کی مکمل بحالی تک اپنی امدادی سرگرمیاں جاری رکھے گا ۔

متعلقہ عنوان :