اسلام آباد ہائیکورٹ کا ڈی جی آئی ایس آئی کو پیشی کا حکم

پیر 24 مارچ 2014 14:17

اسلام آباد ہائیکورٹ کا ڈی جی آئی ایس آئی کو پیشی کا حکم

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24مارچ 2014ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈی جی آئی ایس آئی کو لاپتہ شخص محمد عارف کی تحویل سے متعلق بیان حلفی کے ساتھ آئندہ ہفتے ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ریاض احمد خان نے لاپتہ شخص محمد عارف کی اہلیہ پروین بی بی کی جانب سے دائردرخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل ظفر حسن جوئیہ نے عدالت کو بتایا کہ محمد عارف کو چند ماہ قبل اس کے دیگر دو ساتھیوں سمیت آئی ایس آئی حکام نے اپنی تحویل میں لیا۔دیگر دو ساتھیوں کو چند دن بعد چھوڑ دیا گیا تاہم محمد عارف تاحال آئی ایس آئی کی غیر قانونی حراست میں ہے۔اسٹینڈنگ کونسل نے جواب داخل کرانے کیلیے چھ ہفتوں کی مہلت طلب کی تاہم عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس آئی کو آئندہ ہفتے ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے لاپتہ شخص کے حوالے سے بیان حلفی بھی جمع کرانے کی ہدایت کی ہے کہ وہ حساس ادارے کی تحویل میں ہے یا نہیں۔

متعلقہ عنوان :