لاہور ، تنخواہوں کے بغیر کام کرنے والے ٹرینی ڈاکٹرز نے کل سے احتجاج کا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا

اتوار 23 مارچ 2014 22:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) تنخواہوں کے بغیر کام کرنے والے ٹرینی ڈاکٹرز نے ( منگل ) سے احتجاج کا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ، ایڈ ہاک پر کام کرنے والے ڈاکٹرز نے بھی احتجاج کی منصوبہ بندی شروع کر دی ۔بغیر تنخواہ کام کرنے والے ڈاکٹرز کے ترجمان ڈاکٹروقاص کے مطابق پنجاب بھر میں400ڈاکٹر زبغیر تنخواہ کے ٹرینگ کرنے پر مجبورہیں جبکہ محکمہ صحت نے ٹرینگ ڈاکٹر زکی سیٹیں بڑھانے سے بھی انکار کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میو ‘ جنرل ‘ گنگام رام اور دیگر ٹیچنگ ہسپتالوں میں ٹرینی ڈاکٹرز ڈیوٹی اوقات سے زائد وقت تک فرائض سر انجام دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے خلاف (منگل ) سے احتجاجی تحریک کا آغاز کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ہماری تنخواہوں کی مد میں بقایات جاتی کی ادائیگی نہیں کر دی جاتی ۔ ذرائع کے مطابق ایڈ ہاک پر کام کرنے والے ڈاکٹرز نے بھی احتجاج کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :