امریکی جنگ کوخیربادکہہ کرملکی سالمیت کیلئے ایک ہوجاناچاہیے،سراج الحق،پوری قوم ایک ہوکر اس ملک کو امن کا گہوارہ بنا سکتی ہے، دشمن قوتیں مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں،سینئرصوبائی وزیرکی خوشاب میں پریس کانفرنس

اتوار 23 مارچ 2014 20:04

خوشاب(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) سینئر وزیر خیبر پختونخواہ سراج الحق نے کہا ہے کہ ہمیں امریکی مفادات کی جنگ کو خیرباد کہتے ہوئے پاکستان کے استحکام اور سالمیت کیلئے ایک ہو جا نا چاہئے اور آج کے دن کے حوالے سے تمام قوم یک جان ہو کر تحریک پاکستان جیسی ایسی تحریک کا آغاز کریں جو کراچی سے گوادر اور خیبر تک اس کی گونج سنائی دے۔

انہوں نے کہا کہ اب ہمیں امریکی پالیسون کی بجائے خود مختارپاکستان کی پالیسوں کو اپنانا ہوگا،حکومتی اور طالبان کمیٹیوں کے مذاکرات امن کی جانب نیک شگون ہے اور ہماری دعا ہے کہ یہ مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہو کر منطقی انجام تک پہنچنے چاہیں۔وہ جماعت اسلامی کے راہنما مولانا ضیاء اللہ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع خوشاب ملک وارث جسرہ ایدووکیٹ،ناقئب امیر فداء الرحمن، ملک تنظیر الحسن اعوان،مولانا ضیاء اللہ،کیپٹن ڈاکٹر محمد رفیق،مولانا عبدالوہاب اور دیگر کارکن بھی موجود تھے۔سینئر وزیر سراج الحق نے کہا کہ امریکہ سمیت بعض پاکستان دشمن قوتیں طالبان اور حکومتی مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کی غلط پالیسوں کی وجہ سے ملک نہ صرف معاشی طور پر کمزور ہوا بلکہ ہمارے50 ہزار سے زائد فوجی،اور شہری ان پالیسوں کی بھینٹ چڑھ کر شہید ہوئے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور طالبان نمائندے تدبر کا مظاہرہ کریں تاکہ مذاکرات کامیاب ہو کر ملک امن کی جانب گامزن ہو سکے۔قبل ازیں سینئر صوبائی وزیر خیبر پختونخواہ اور جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی راہنما سراج الحق نے جوہرآباد میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلنٹ کے حوالہ سے دنیا بھر میں اپنا ایک خاص مقام رکھتا ہے اور ہر شعبہ میں اس ملک کے شہریوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہیانہوں نے کہاکہ اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے اور پوری قوم ایک ہوکر اس ملک کو امن کا گہوارہ بنا سکتی ہے انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخواہ کی حکومت نے طالبان سے مذاکرات کے حوالہ سے وفاقی حکومت کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے تاکہ اس ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کرکے امن و امان کے مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے استحکام پاکستان کیلئے کی جانیوالی ہر کوشش میں بڑھ چڑ ھ کر حصہ لیا انہوں نے کہاکہ آج 23مارچ کو اس ملک کے ہر شہری کو اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ وہ استحکام پاکستان اور اس ملک کی جڑوں کو مضبوط بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخواہ کی حکومت صوبہ میں تعلیم ، صحت اور مواصلات کی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ بے روزگاری کے خاتمہ اور امن و امان کے قیام کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخواہ کے علاوہ پنجاب ، سند ھ اور بلوچستان کے شہری بھی آپس میں بھائی بھائی ہیں اس لیے اس ملک کے عوام کو استحکام پاکستان کیلئے اپنی تمام نفرتوں اور اختلافات کا خاتمہ کرنا چاہیے کیونکہ اگر پاکستان مضبوط ہوگا تو اس ملک کا ہر شہری خوشحال ہوگا اور حکومت کو مسائل کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی استحکام پاکستان کانفرنس سے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ملک وارث جسرہ اور سابق ایم پی اے کیپٹن ڈاکٹر محمد رفیق سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :