Live Updates

ملک میں خون ریزی روکنے اور معصوم شہریوں کے قتل عام کے آگے بند باندھنے کی ضرورت ہے،تحریک انصاف، امریکی جنگ سے پاکستان کی علیحدگی انتہائی اہمیت کی حامل ہے،شیریں مزاری

اتوار 23 مارچ 2014 20:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے دہشتگردی کے خلاف امریکی جنگ سے علیحدگی کو مذاکرات کی کامیابی کیلئے کلیدی اقدام قرار دیتے ہوئے ملک میں خون ریزی روکنے اور معصوم شہریوں کے قتل عام کے آگے بند باندھنے کی ضرورت پر زور دیاہے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے امن کے قیام اور بات چیت کا عمل نتیجہ خیز بنانے کیلئے سخت گیر عناصر کی تنہائی اور امن عمل کی کامیابی ناگزیر ہے۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں ان کا کہنا ہے کہ مولانا سمیع الحق کا یہ بیان کہ پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف نام نہاد امریکی جنگ سے علیحدگی سے ہی ملک میں امن قائم ہوگا، تحریک انصاف کے دیرینہ اور اصولی موقف کی تائید ہے، کیونکہ ہم نے ہمیشہ اس کا مطالبہ کیا ہے اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ریاست پاکستان کے امریکی جنگ میں فریق بننے سے ملک میں دہشتگردی کے ساتھ براہ راست ربط قائم ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت یہ سمجھتی ہے کہ حکومت اور طالبان کے درمیان براہ راست گفتگو کے باضابطہ آغاز کے بعد امن کے حصول کیلئے امریکی جنگ سے پاکستان کی علیحدگی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جہاں ملک میں مختلف قسم کی دہشتگردی کی قسمیں، فرقہ وارانہ فسادات ، جرائم پیشہ عناصر کی کارروائیاں اور عسکریت پسندی شامل ہے کو بیرونی عناصر ہوا دیتے ہیں وہاں طالبان کے باب میں دہشتگردی کے خلاف امریکی جنگ عسکریت پسندی کے فروغ کو جواز فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ سخت گیر عناصر کی تنہائی اور امن کے حصول کیلئے بات چیت کی کامیابی معصوم شہریوں کا قتلِ عام روکنے کیلئے انتہائی ناگزیر ہے اور پاکستان کی امریکی جنگ سے علیحدگی اس سمت میں ایک کلیدی اقدام ہوگا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات