تحریک پاکستان میں جذبہ اور سچی لگن کی بدولت قوم غلامی سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ،احسن اقبال،بے شمارقربانیاں دیکر ملک حاصل کیا ،بدقسمتی سے منزل حاصل نہیں کرسکے جس کیلئے مملکت معرض وجود میں لائی گئی تھی، پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کیلئے لانگ ٹرم پلاننگ کی جاری ہے ،وفاقی وزیرکاتقریب سے خطاب

اتوار 23 مارچ 2014 20:04

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ یوم پاکستان جہاں تجدید عہد کا دن ہے وہاں ہمارے لیے یوم احتساب بھی ہے ۔آج کے دن ہم نے یہ جائزہ لینا ہے کہ ہمارے بزرگوں نے پاکستان بنانے کے سلسلہ میں جو خواب دیکھا تھا کیا ہم اسے حقیقت کا روپ دینے میں کامیاب ہوئے ہیں یا نہیں ؟ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم پاکستان کے سلسلہ میں نارووال پبلک سکول نارووال میں منعقدہ ایک عظیم الشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اراکین صوبائی اسمبلی رانا عبدالمنان ،محمد وسیم بٹ اور رامیش سنگھ آروڑا، ڈی سی او نارووال سید نجف اقبال ، ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ ن ضلع نارووال طارق اعوان، سید اظہر الحسن شاہ، نوابزدہ محمد عامر خان، بزرگ صحافی ایم۔

(جاری ہے)

حفیظ اللہ اور طارق اُوپل کے علاوہ معززین شہر ، اساتذہ اور طلبہ اور طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے انتہائی بے سروسامانی کے عالم کے باوجود قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں سامراجی قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کرالگ مملکت حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔

انہوں نے کہاکہ تحریک پاکستان میں قوم کا جذبہ اور لگن سچی تھی جس کی بدولت قوم غلامی سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کے کارکنوں نے بے شمارقربانیاں دیکر یہ ملک حاصل کیا لیکن بدقسمتی سے ہم آج تک وہ منزل حاصل نہیں کرسکے جس کیلئے یہ مملکت معرض وجود میں لائی گئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ کوریااور چین نے ہمارے بعد آزادی حاصل کی مگر ان قوموں نے قلیل مدت میں ترقی کی منازل طے کیں اور آج ان کا شمار دنیا کے ترقیافتہ ممالک میں ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معرض وجود میں آنے کے بعد قائداعظم نے یہ کہا تھا کہ پاکستان میں کوئی عیسائی ،سکھ ،ہندو یا مسلمان نہیں بلکہ ہم سب پاکستانی ہیں اور ہم نے ایک قوم کے طور پر کام کرکے ملک کو ترقیافتہ اقوام کی صف میں کھڑا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کی کوئی قوم جب خواب دیکھنے کی صلاحیت کھو دیتی ہے تو اسے کامیابی حاصل نہیں ہوتی ۔

انہوں نے کہاکہ ہر کامیابی کے پیچھے ایک سہانا خواب ہوتا ہے جس کی بغیر کوئی کامیابی ممکن نہیں ہوتی ۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان کو معرض وجود میں لانے کا مقصد لوگوں کو خوشحالی اور تحفظ فراہم کرنا تھا لیکن ترقی اور خوشحالی کا یہ خواب ابھی تک ادھورا ہے اور ملک آج بھی غربت ، بیرروزگاری ، لاقانونیت ، لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے عذاب میں مبتلا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک میں بہترین افرادی قوت موجود ہونے کے باوجود ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے انجینئرز اور ڈاکٹرز بیرون ملک تو بہترین خدمات انجام دیکر ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں مگروہ اپنے ملک میں اس جذبے اور لگن کے ساتھ کام نہیں کرتے جس کا ملک ان سے متقاضی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب تک ہر شہری اپنی ذمہ داریوں کا احساس نہیں کرے گا اس وقت تک ملک کی ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات نے کہاکہ پاکستان کو ایک ترقیافتہ اور خوشحال ملک بنانے کیلئے لانگ ٹرم پلاننگ کی جاری ہے جس کے تحت 2025ء کے خوشحال پاکستان کیلئے اہداف مقرر کئے جارہے ہیں جن کو حاصل کرکے ملک کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں لا کھڑا کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ 2008ء میں نارووال کاشمارپنجاب کے پسماندہ اضلاع میں کیا جاتا تھا لیکن ہم نے پانچ سال کی قلیل مدت میں اس شہر کی کایاپلٹ دی ہے اور اب نارووال کا شمارصوبہ کے تیزی سے ترقی کرنے والے اضلاع میں ہوتا ہے ۔

جس کا اعتراف جشن بہاراں نارووال کی تقریبات میں دوسرے شہروں سے آنے والے مہمانوں نے بھی کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر نارووال کی عوام نے اسی طرح ہمارا ساتھ دیا تو وہ دن دور نہیں جب نارووال کا شمار ملک کے پہلے10ترقیافتہ اضلاع میں کیا جائے گا۔ ڈی سی او نارووال سید نجف اقبال نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں ۔

انہوں نے کہاکہ 23مارچ1940ء کو قرار داد پاکستان کی شکل میں جو خواب دیکھا تھا وہ حقیقت کا روپ دھار چکا ہے ۔لیکن ہم پاکستان کے معرض وجود میں لانے کے مقاصد کوآج تک حاصل کرنے کامیاب نہیں ہوسکے ۔ انہوں نے کہاکہ آج کے دن ہم نے یہ عہد کرنا ہے جس مقصد کیلئے یہ ملک حاصل کیا گیا اس کی تکمیل کیلئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے اور ملک کوایک فلاحی مملکت بنا کر دم لیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر احسن اقبال کی نگرانی میں ضلع نارووال تیزی سے ترقی کی منازل طے کررہا ہے اور نارووال میں تعلیم ،صحت اور مواصلات کے شعبوں میں ہونے والی بے پناہ ترقی اس کا بین ثبوت ہے ۔ تقریب سے تحریک پاکستان کے ممتاز کارکن اور بزرگ صحافی ایم حفیظ اللہ اور طارق اُوپل نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرمقامی تعلیمی اداروں کے بچوں نے ملی نغموں پر خوبصورت ٹیبلو پیش کرکے حاضرین سے زبردست داد وصول کی ۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے بچوں کے ساتھ ملی نغموں پر قومی پرچم لہرا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

متعلقہ عنوان :