پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے تھر ‘ عمر کوٹ ‘ سانگھڑ اور ضلع خیر پور میں قحط سالی سے متاثرین کی بحالی کیلئے امدادی سرگرمیاں تاحال جاری

اتوار 23 مارچ 2014 18:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ کے ڈائریکٹر جنرل سید سلمان شاہ نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے تھر ‘ عمر کوٹ ‘ سانگھڑ اور ضلع خیر پور میں قحط سالی سے متاثرین کی بحالی کیلئے امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں اور پی ڈی ایم اے سند ھ کی جانب سے گذشتہ روز 6500فیملیز راشن بیگ قحط سالی کے متاثرہ علاقوں میں بھیجوائے گئے جن میں ضلع سانگھڑ میں 1000‘ ضلع تھر پارکر میں3500اور عمر کوٹ میں میں بھیجے گئے 2000راشن بیگ شامل ہیں ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ نے مزید بتایا کہ اب تک قحط سالی کے متاثرہ اضلاع کی گذشتہ روز کی رپورٹ کے مطابق ضلع تھر پارکر میں 42984‘ عمر کوٹ 13316‘ ضلع سانگھڑ میں 7717‘ متاثرہ مریضوں کا موبائل سرکاری ڈسپنسریوں اور میڈیکل کیمپوں کے ذریعے علاج کیا جاچکا ہے اور انکو ادویات فراہم کی گئیں جبکہ خیر پور میں بھی متاثرہ مریضوں کا علاج جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ روز کی موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق حکومت سندھ کی ہدایت پر ابتک ضلع تھر پارکر میں 2528383‘ ضلع عمرکوٹ میں 16223‘ اورضلع سانگھڑ میں 75636 جانوروں کو ویکسین دی جاچکی ہے ۔ ڈی جی نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے سندھ میں تاحال ایمرجنسی نافذ ہے اور عملہ24گھنٹے ڈیوٹیوں پر موجود ہیں اور پی ڈی ایم اے سندھ کی ٹیمیں گذشتہ 16روز سے تھر پارکر و دیگر متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں اور متاثرین کی بحالی کیلئے مصروف عمل ہیں اور حکومت سندھ کی اگلی ہدایت تک یہ ٹیمیں کام کرتی رہیں گی ۔

متعلقہ عنوان :