آئندہ چند سالوں میں بجلی بحران پر قابو پا لیا جائیگا، راجہ اشفاق سرور،میٹروبس منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل کر دیا جائیگا، مخالفین ملک میں ترقی کے مخالف ہیں ،مایوس عناصر کے پراپیگنڈہ کو عوام نظر انداز کر چکے ہیں، وزیر محنت وافرادی قوت پنجاب

اتوار 23 مارچ 2014 18:52

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ آئندہ چند سالوں میں بجلی کے بحران پر قابو پا لیا جائے گا۔ راولپنڈی /اسلام آباد جڑواں شہروں کے میٹروبس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے جو مقررہ وقت میں مکمل کر دیا جائے گا، میٹرو بس سروس کے مخالفین ملک میں ترقی کے مخالف ہیں اور ایسے مایوس عناصر کے پراپیگنڈہ کو عوام نظر انداز کر چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 23مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے زیر اہتمام راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینیٹر نجمہ حمید، ممبران قومی اسمبلی طاہرہ اورنگذیب ، سیما جیلانی، ممبران صوبائی اسمبلی پنجاب راجہ حنیف ایڈووکیٹ ، ملک افتخار ، زیب النساء اعوان، مسلم لیگ (ن) رہنما سردار نسیم ، ضیاء اللہ شاہ،راجہ عتیق سرور، دفتر عباسی،چیئرمین قومی یکجہتی فورم آف پاکستان اور مسلم لیگی رہنما آغا ریاض الاسلام ،سابق ممبر قومی اسمبلی شکیل اعوا ن کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ یوم پاکستان تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم حب الوطنی کے جذبہ سے سرشارہو کر ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں شامل ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن و بدامنی کی وجہ سے پاکستا ن ترقی میں بہت سارے ہم عصر ملکوں میں پیچھے رہ گیا ہے اور جمہوری روایت پر عمل کر کے اور دہشت گردی اور کرپشن کے خاتمے ہی سے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر قیادت ملک میں تعمیر و ترقی کا ایک مرتبہ پھر آغاز ہوا ہے اور آئندہ چند سالوں میں بجلی کے بحران پر بھی قابو پا لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی /اسلام آباد کے جڑواں شہروں میں مفاد عامہ کا عظیم منصوبہ میٹروبس سروس کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے جو کہ اپنے مقررہ وقت میں مکمل کر دیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو بس سروس کے مخالفین ملک میں ترقی کے مخالف ہیں اور ایسے مایوس عناصر کے پراپیگنڈہ کو عوام نظر انداز کر چکے ہیں۔سینیٹر نجمہ حمید نے کہا کہ تحریک پاکستان میں خواتین نے کلیدی کردار ادا کیا، پاکستان کے قیام میں اور اولین برسوں میں فاطمہ جناح، رعنا لیاقت علی خان اور بیگم شاہنواز کے کردار کو خاص اہمیت حاصل ہے اور آج بھی خواتین ملک و قوم کی ترقی کے لئے زندگی کے ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو دہشت گردی ، لوڈ شیڈنگ اور کرپشن اور دیگر مسائل سے نجات دلائے گی۔ رہنما مسلم لیگ (ن) اختر محمود ایڈووکیٹ نے کہا کہ (ن) لیگ کی قیادت نے ہمیشہ ملک کی فلاح و بہبود کیلئے انتھک کوششیں کی ہے اور اب بھی وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے قائد اعظم محمد علی جناح کے فرامین کی روشنی میں ملک و قوم کی ترقی کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :