سندھ کے لوگ محب وطن ہیں ، قیام پاکستان کے حصول کے لیے پہلے سندھ نے قرار داد منظور کی،چوہدری شجاعت حسین ،(ق) لیگ سندھ تمام سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر سندھ کی عوام کی خدمت کررہی ہے،حلیم عادل شیخ ،مسلم لیگ سندھ کے وفد کی چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی

اتوار 23 مارچ 2014 18:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) یوم پاکستان کے موقع پر (ق)لیگ کے قائد چوہدری شجاعت حسین سے مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کے ساتھ آئے ہوئے وفد کی ملاقات، سندھ کی عوام اور لیگی کارکنوں کی جانب سے یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سندھ کے لوگ محب وطن ہیں ۔ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے قیام پاکستان کے حصول کے لیے پہلے سندھ نے قرار داد منظور کی لہذا سندھ کی عوام پاکستا ن کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنا کردارادا کرے۔

مسلم لیگ نے قائد اعظم کی مدبرانہ قیادت میں علامہ اقبال کی سوچ کے مطابق پاکستان حاصل کیا۔مسلم لیگ نے ہی پاکستان بنایا تھا اور اس کے استحکام کے لیے بھی مسلم لیگ ہی اپنا کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی حقیقی منزل کے حصول کے لیے تمام محب وطن سندھ کے رہنے والوں کو مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کے لیے سندھ کے کونے کونے میں جائیں گے۔

اس موقع پر مسلم لیگ سندھ کے وفد میں حلیم عادل شیخ کے ہمراہ مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکرٹری بابو غلام سرور سیال ،سیکرٹری اطلاعات سندھ ڈاکٹر غلام رضا چنااور دیگر بھی موجود تھے۔حلیم عادل شیخ نے قائد مسلم لیگ چوہدری شجاعت حسین کو سندھ کی موجودہ صوورتحال سے آگاہ کیا اور ان کی جانب سے کی جانے والی تھر پارکر میں قحط زدہ عوام کے لیے کاوشوں کازکر کیا۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ مسلم لیگ سندھ تمام سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر سندھ کی عوام کی خدمت کررہی ہے ۔آج ہمارا وطن نہایت نازک صورتحال سے دوچار ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم پھر سے ایک قوم بننے کا عہد کریں۔ اس موقع پر مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکرٹری بابو غلام سرور سیال نے چوہدری شجاعت حسین کو سندھ کے11اضلاع میں تنظیم سازی کے حوالے سے رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم 15اپریل تک سندھ کے باقی تمام اضلاع میں تنظیم سازی کا عمل مکمل کرلیں گے۔

چوہدری شجاعت حسین نے سندھ میں مسلم لیگ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ وطن عزیزکی ترقی اور خوشحالی کے لیے قوم کوساتھ لیکرچلنے کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم نے عہد کرنا ہے کہ ہم ہر حال میں پاکستان کی حفاظت کرینگے۔