ورلڈ ٹی ٹونٹی، پاکستان نے میچ آسٹریلیا کے جبڑوں‌سے کھینچ لیا، آخری لمحات میں 16 رنز سے کامیاب، عمر اکمل کے شاندار 94 رنز

اتوار 23 مارچ 2014 18:04

ورلڈ ٹی ٹونٹی، پاکستان نے میچ آسٹریلیا کے جبڑوں‌سے کھینچ لیا، آخری ..

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 16 رنز سے شکست دے دی۔میرپور کے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان جارج بیلی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، گرین شرٹس کی جانب سے احمد شہزاد اور کامران اکمل اوپننگ کے لئے آئے لیکن گزشتہ میچ کی طرح اس مرتبہ بھی قومی ٹیم کی اوپننگ جوڑی اچھا آغاز نہ کرسکی اور صرف 7 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو احمد شہزاد کی صورت میں پہلا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

اس موقع پر کپتان محمد حفیظ کریز پر کامران اکمل کا ساتھ دینے آئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے اسکور کو 25 رنز تک پہنچایا تو اس موقع پر محمد حفیظ 13 رنز بنانے کے بعد شین واٹسن کا شکار بن گئے۔

(جاری ہے)

حفیظ کے بعد کریز پر کامران اکمل کا ساتھ نبھانے ان کے چھوٹے بھائی عمر اکمل آئے۔دونوں بھائیوں نے آسٹریلوی بالرز کو تگنی کا ناچ نچا دیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں اکمل برادران نے 11.29 رنز فی اوور کی اوسط سے 96 رنز کی شراکت قائم کی۔

121 رنز پر پاکستان کو تیسرا نقصان کامران اکمل کی صورت میں برداشت کرنا پڑا، انہوں نے 31 رنز بنائے۔پاکستان کی 147 رنز پر صہیب مقصود کی صورت میں چوتھی وکٹ گری۔ لیکن دوسری جانب عمر اکمل کی جانب سے دھواں دھار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا، صہیب مقصود کے بعد شاہد آفریدی میدان میں اترے جنہوں نے عمر اکمل کے ساتھ مل کر 33 قیمتی رنز جوڑے۔ اننگز کے آخری اوور کی پہلی گیند پرعمر اکمل نے ہمت ہار دی انہوں نے54 گیندوں پر 94 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں5وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو جیت کے لئے 192 رنز کا مشکل ہدف دے دیا ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن کالٹر نیل نے 2 جبکہ شین واٹسن، ڈگ بالنجر اور مچل اسٹارک نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔192 کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 175 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 192رنز کے تعاقب میں ذوالفقار بابر نے آسٹریلیا کو پہلے ہی اوور 2 جھٹکے دے دیئے ہیں۔

ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن 4،4 بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جواب میں گلین میکسویل اور ایرون فنچ نے پاکستانی فیلڈرز کی خراب فیلڈنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بالرز کے بخیئے ادھیڑتے ہوئے 10.4 اوورز میں 118 رنز کی جارحانہ شراکت قائم کی۔ گلین میکسویل نے 33 گیندوں پر 6چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 74 رنز بنائے۔ 126 رنز پر جب بوم بوم آفریدی نے میکسویل کی وکٹ حاصل کی تو میچ کینگروز کے حق میں تھا تاہم اس کے بعد شاہین زبردست انداز میں میچ میں واپس لوٹے اور وقفے وقفے سے آسٹریلوی مہرے کھسکا تے رہے اور بالآخر آخری اوور کی آخری گیند پر آسٹریلیا کی پوری ٹیم 175 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے ذوالفقار بابر، شاہد آفریدی،بلاول بھٹی اور عمر گل نے 2،2 جبکہ سعید اجمل ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ عمر اکمل کو شاندار بیٹنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا.واضح رہے کہ بھارت سے شکست کھانے کے بعد پاکستان کو ایونٹ میں رہنے کے لئے آسٹریلیا کے خلاف لازمی فتح درکار تھی۔