وزیراعظم نے راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

اتوار 23 مارچ 2014 13:15

وزیراعظم نے راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔نمائندہ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، 8.6 کلومیٹر طویل میٹرو بس منصوبے پر 19 ارب 37 کروڑ روپے لاگت آئے گی، میٹرو بس منصوبے کے آدھے اخراجات وفاقی حکومت اور آدھے صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔

میٹرو بس منصوبہ 10 ماہ میں مکمل ہو گا اور مری روڈ پر میٹرو بس کے 10 اسٹاپ بنائے جائیں گے۔ میٹرو بس منصوبے کے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

شہباز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ میٹرو بس منصوبے سے عوام کی مشکلات کم ہوں گی اور اس قسم کے میٹرو بس منصوبے ملتان اور فیصل آباد میں بھی شروع کئے جائیں گے، جب لاہور کا میٹرو بس منصوبہ تیار ہوا تو کسی نے اسے جنگلا بس اور کسی نے کرپشن کا منبہ قرار دیا لیکن منصوبے سے آج لاہور میں پونے 2 لاکھ لوگ سفر کرتے ہیں جو اس کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اسلاف نے بے پناہ قربانیاں دے کر ملک خداداد حاصل کیا تھا لیکن آج انصاف کی جگہ اقربا پرور نے لے لی ہے، ہم نے ملک کو کرپشن اور بدعنوابی سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔