لاپتہ ملائیشین ائیرلائن کی تلاش جاری،آسٹریلوی طیارہ چینی حکام کی نشاندہی کے مقام پر روانہ

اتوار 23 مارچ 2014 12:30

لاپتہ ملائیشین ائیرلائن کی تلاش جاری،آسٹریلوی طیارہ چینی حکام کی نشاندہی ..

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء)ملائیشیا کے بدقسمت طیارے کا دو ہفتے بعد بھی سراغ نہ مل سکا ، آسٹریلوی طیارہ چینی حکام کی طرف سے نشاندہی کردہ مقام کی جانب روانہ ہو گیا ، چینی جہاز بھی علاقے میں ملبے کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایم ایچ تھری سیون زیرو اور اس میں سوار دو سو انتالیس مسافروں کو لاپتہ ہوئے سولہ روز ہو گئے۔

تمام تر کوششوں کے باوجود طیارے کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔

(جاری ہے)

جنوب بحرہند کے گہرے پانیوں میں اب چینی سیٹلائٹس نے جہاز کے ممکنہ ملبے کی تصاویر جاری کی ہیں ، جن کی تلاش کے لئے آسٹریلیوی طیارہ روانہ ہو گیا۔

دوسری جانب چین کے چار بحری جہاز بھی نشاندہی والے علاقے میں تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ادھر آسٹریلوی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی سرچ زون میں بہت سی چھوٹی چیزیں اور لکڑی کا تختہ دیکھا گیا ہے جو ممکنہ طور پر لاپتہ ملائیشین طیارے کا ہی ہو سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ملبہ سرچ ٹیم کے جیٹ ائیر کرافٹ نے پرتھ سے ڈھائی ہزار کلو میڑ دور سمندر میں براہ راست دیکھا ہے۔ملائیشین حکام نے ملبے کے ملنے اور مکمل تصدیق تک کچھ بھی کہنے سے گریز کیا ہے۔