پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال،قطر کی ٹیم پیر کو میچ کھیلے گی،رانا مشہود احمد خاں،قذافی سٹیڈیم میں عوام کا داخلہ مفت ہوگا،ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا جائیگا،ٹیمیں ٹیسٹ کھیلنے بھی آئیں گی،پنجاب یوتھ فیسٹیول کی کامیابی پر بلوچستان حکومت نے اپنے فیسٹیول کیلئے تعاون کا کہا، صوبائی وزیر کی پریس کانفرنس

ہفتہ 22 مارچ 2014 21:40

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال،قطر کی ٹیم پیر کو میچ کھیلے گی،رانا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2014ء) پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت قطر اور پاکستان اے کرکٹ ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی میچ (پیر)کوقذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکن ٹیم کے 2009 کے دورے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی انٹرنیشنل ٹیم پاکستان میں میچ کھیلے گی جو ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا۔ صوبائی وزیر کھیل رانا مشہوداحمد خا ن نے ڈی جی سپورٹس عثمان انور اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے جنرل مینجر ڈومیسٹک شفیق احمد کے ہمراہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہارکیا۔

صوبائی وزیر کھیل رانا مشہوداحمد خا ن نے کہاکہ قطر کی ٹیم کے بعد ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک سے بھی ٹیمیں پاکستان آئیں گی جس سے ملک میں ایک مرتبہ پھر انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میچ کیلئے قذافی سٹیڈیم میں عوام کا داخلہ مفت ہوگا جبکہ اس موقع پر ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے لہٰذامیری عوام سے اپیل ہے کہ وہ بڑی تعداد میں سٹیڈیم آکر دنیا کو یہ بتا دیں کہ پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجا ب یوتھ فیسٹیول کی بدولت دنیا کا رخ دوبارہ پاکستان کی جانب ہوگیا ہے جس کا کریڈٹ وزیر اعظم نواز شریف، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کی مدبرانہ قیادت کو جاتا ہے جبکہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے مسلم لیگی قیادت کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ صوبائی وزیر کھیل رانا مشہوداحمد خا ن کا کہنا تھاکہ برادر ملک ترکی نے ہر شعبہ میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور اپنے عالمی شہرت یافتہ ملٹر ی بینڈ کو پاکستان بھیج کر پنجا ب یوتھ فیسٹیول کا تحفہ دیاہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے بلوچستان حکومت نے اپنے سپورٹس فیسٹیول کیلئے پنجاب حکومت سے تعاون کے لیے کہا جس پر ڈی جی سپورٹس بو رڈ پنجا ب عثمان انور نے کوئٹہ جاکر بھرپور تعاون کا یقین دلایا جبکہ پنجاب حکومت نے مالی تعاون بھی فراہم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول دنیا کا سب سے بڑا اور کم لاگت والا سپورٹس ایونٹ ہے جس میں 48 لاکھ افراد نے شرکت کرکے 32 لاکھ افراد کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی کاوشوں سے چین سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات نئے دور میں داخل ہورہے ہیں جو ایک مستحکم اور خوشحال پاکستان کی منزل کی جانب سفر کا آغاز ہے۔اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے جنرل منیجرڈومیسٹک شفیق احمد نے کہا کہ پاکستان اے اور قطر کے مابین میچ کے موقع پر سکیورٹی سمیت تمام انتظامات بین الاقوامی کرکٹ میچ کی طرز پرکئے جائیں گے جبکہ پاکستان اے ٹیم کا اعلان سلیکٹرز کی مشاورت سے کیا جائے گا جس میں ملک کے ممتاز کھلاڑی حصہ لیں گے۔