سردار مہتاب احمد خان جلد خیبر پختونخوا کے گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھائینگے،امیرمقام، وزیر اعظم نواز شریف کی کامیاب پالیسیوں کی نتیجے میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکاہے،ملک میں امن کے قیام کے لئے مذاکرات کی راہ اپنائی ہے،حکومتی رٹ چیلنج کرنے والوں سے انہی کی زبان میں بات کی جائے گی،مشیر وزیراعظم

ہفتہ 22 مارچ 2014 19:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2014ء) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پارٹی کے سینئر رہنما سردار مہتاب احمد خان جلد خیبر پختونخوا کے گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھائینگے۔وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے ۔ایک بیان میں انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پارٹی قیادت نے سینئر رہنما اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں قائد حز ب اختلاف سردار مہتاب احمد خان کو گورنر بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے چند روز تک سردار مہتاب احمد خان خیبر پختونخوا کی حیثیت سے حلف اٹھا لینگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی کامیاب پالیسیوں کی نتیجے میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکاہے۔ پاکستان پر بین الاقوامی برادری کا اعتماد بحال ہو رہا ہے جس کے باعث ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کو دہشت گردی جیسے سنگین مسلے پر قابو پانے کا چیلنج درپیش ہے جس کے لئے حکومت نے مذاکرات کی راہ اپنائی ہے تاکہ خون خرابے کے بغیر ملک میں امن قائم ہو۔

تاہم حکومتی رٹ چیلنج کرنے والوں سے انہی کی زبان میں بات کی جائے گی۔امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پارٹی کو فعال بنانے کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ پارٹی قیادت پر کارکنوں کا اعتماد بحال ہو ۔امیر مقام نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح یہی ہے کہ اس ملک میں مذید خون بہائے بغیر امن قائم ہو لیکن جو قوتیں آئے روز حکومتی رٹ کو چیلنچ کرتی ہیں ان سے انہی کی زبان میں بات ہوگی ،انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں جن سنگین بحرانوں کا سامنا ہے ان میں دہشت گردی پر قابو پانا اور ملک میں امن کا قیام ہماری حکومت کی ترجیہات میں شامل ہے اور ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ ملک میں مذید خون بہائے بغیر امن قائم ہو انہوں نے کہا کہ اب تمام فریقین کو اس بات کا احساس ہو گیا ہوگا کہ لڑائی میں کسی کی بہتری نہیں ،اسی لئے سب مذاکرات پر متفق ہیں ،انہوں نے کہا کہ مذاکرات آئین اور قانون کے دائرے کے اندر اندر کئے جارہے ہیں تاہم جو قوتیں آئے روز حکومتی رٹ چیلنج کرتی ہیں ان سے حکومت انہی کی زبان میں بات کرنا جانتی ہے ،گورنر خیبر پختونخوا کی تبدیلی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بہت جلد سردار مہتاب احمد خان خیبر پختونخوا کے گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیں گے ،انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی قیادت کا فیصلہ ہے اور ہمیں قابل قبول ہے ،انہوں نے کہا کہ سردار مہتاب احمد خان ایک منجھے ہوئے سیاست دان ہیں اور وہ اپنے وسیع تجربے اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خیبر پختونخوا اور خصوصا فاٹا میں فعال کردار ادا کریں گے ۔