غیر ملکی آئی ٹی ماہرین کا صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے شہباز شریف کے اقدامات پرخراج تحسین،شہباز شریف نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ذریعے پنجاب میں آئی ٹی کی پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی ،غیر ملکی ماہرین،لیپ ٹاپ پروگرام کی کامیابی پر ناقدین چپ ہوگئے ہیں،بھارتی ریاست بیہارمیں بھی ہمارے پروگرام کی تقلید کی گئی‘شہبازشریف

ہفتہ 22 مارچ 2014 19:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے ارفع کریم سافٹ وےئر ٹیکنالوجی پارک میں مختلف ممالک کے آئی ٹی ماہرین نے ملاقات کی اور پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے شہبازشریف کے اقدامات کو سراہا۔یونیورسٹی آف واشنگٹن کے پروفیسر رچرڈ اینڈرسن،جورجیاٹیک یونیورسٹی کے پروفیسر مائیک بیسٹ،چیف ایگزیکٹو آفیسرلرنے ایشیاء یونیورسٹی ہلانی گالپیا اور یونیورسٹی آف اوسلوکے پروفیسر نارتھ سٹارنگ نے پنجاب میں آئی کے فروغ کے لیے وزیراعلی محمد شہباز شریف کی کاوشوں کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ذریعے صوبے میں آئی ٹی کی پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی اورانفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا قیام بھی عمدہ اقدام ہے۔

(جاری ہے)

آئی ٹی ماہرین نے پنجاب حکومت کے ساتھ آئی ٹی کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف جس طرح آئی ٹی کو فروغ دے رہے ہیں وہ صوبے میں آئی ٹی کے فروغ میں ضرورکامیاب ہوں گے۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کے دوران پنجاب میں آئی ٹی کے فروغ کے حوالے سے حکومت کے اقدامات کا ذکر کیا ۔و زیراعلیٰ کے خطاب کے دوران دو بار بجلی بند ہوئی تو اس وقت وہ اپنے پہلے دورحکومت میں آئی ٹی کے فروغ کے حوالے سے اقدامات کا ذکر کررہے تھے ۔

بجلی بند ہونے پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ12 اکتوبر1999ء کو بھی ایسا اندھیرا چھایا کہ اب تک قوم اس سے باہر نہیں نکل سکی۔وزیراعلیٰ نے جب طلباو طالبات کے لیے وسائل کی فراہمی کو سود مندسرمایہ کاری قراردیا تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ لیپ ٹاپ پروگرام اس قدر کامیاب رہا ہے کہ ناقدین چپ ہوگئے ہیں اور بھارتی ریاست بہار میں بھی لیپ ٹاپ پروگرام کی تقلید کی گئی ہے۔