حکومت سندھ کا سپریم کورٹ کے حکم پر نومبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ

ہفتہ 22 مارچ 2014 19:12

حکومت سندھ کا سپریم کورٹ کے حکم پر نومبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2014ء) سپریم کورٹ کے حکم کے بعد حکومت سندھ نے رواں سال نومبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کرلیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، سکندر مہندرو، میر ہزار خان بجارانی، سیکریٹری بلدیات اور سیکریٹری قانون سمیت دیگر حکام نے شرکت کی، اجلاس کے دوران سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے پہلے بھی عدالتوں کے احکامات مانے اور اب بھی عدالتی احکامات ماننے کے لئے تیار ہے اور عدالت کے حکم پر ہی حکومت سندھ نومبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے تیار ہے۔

صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کا متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہنا تھا نومبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے تیاریاں مزید تیز کردی جائیں جب کہ سیکریٹری بلدیات اور سیکریٹری قانون کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی بنائی گئی ہے جو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جمعرات کو سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے لئے حلقہ بندیوں کا اختیار الیکشن کمیشن کو دینے کا حکم دیتے ہوئے وفاق اور صوبوں کو ہدایت کی تھی کہ 5 ماہ میں قانونی ترمیم کی جائے اور قوانین بنا کر پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں 15 نومبر تک بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔