Live Updates

پانی کا ضیاع روکنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں،عمران خان کاحکومت سے مطالبہ،پاکستان پانی کی قلت کے شکار ممالک کی فہرست میں آرہاہے، ہر سال خریف کی فصل متاثر ہوتی ہے،پانی کے عالمی دن کے موقع پرپیغام

جمعہ 21 مارچ 2014 20:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پانی کی اہمیت اور ملک میں اس کی قلت کے پیش نظر حکومت سے پانی کا ضیاع روکنے اور اس کی بچت کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔22مارچ کو پانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ عالمی نقشِ آب پر پاکستان پانی کی قلت کے شکار ممالک کی فہرست میں آرہاہے، چنانچہ پانی کی شدید قلت سے بچاؤ کیلئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ ملک میں محض 30روز کی ضروریات کیلئے ہی ذخیرہ آب کی گنجائش ہے جس کی وجہ سے ہر سال خریف کی فصل متاثر ہوتی ہے۔ملک بھر میں 37فیصد آبادی کی پینے کے صاف پانی تک رسائی کو ریاست کی بڑی ناکامی قرار دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے ہر سال تقریباً 2لاکھ پچاس ہزار بچے گندے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی وجہ سے لقمہ اجل بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق موسم گرمامیں آلودہ پانی پیٹ کی بیماریوں میں مسلسل اضافے کا باعث بنتاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی پر بھی حکومت کی کوئی نظر نہیں جبکہ دوسری طرف تقریباً98فیصد صنعتیں بغیر کسی تحمل کے اپنا زہریلہ فضلاء براہ راست آبی گزرگاہوں میں پھینکتی ہیں اور حکومت اس سلسلے میں مکمل لاتعلقی کا رستہ اپنائے ہوئے ہے۔ سندھ طاس معاہدے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے وفاقی حکومت سے بھارت اور افغانستان کے ساتھ پانی کا مسئلہ اٹھانے کا مطالبہ کیا اور ملکی مفادات کا تحفظ یقینی بنانے پر زور دیا۔

اپنے بیان میں پانی کو مستقبل میں عالمی تنازعات کی ممکنہ بنیاد قرار دیتے ہوئے چیئرمین عمران خان نے قومی سطح پر واضح اور موثر آبی حکمت عملی اختیار کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ پانی کے حوالے سے قومی حکمت عملی کا ملک کے اندر اور باہر یعنی ہمسایوں سے نفاذ یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات