صحت کا انصاف“پروگرام کا آٹھواں مرحلہ کل سے شروع کیا جائے گا،شوکت یوسفزئی،96یونین کونسلوں میں صحت کا انصاف مہم چلائی جائیگی ،تین لاکھ سے زائد گھروں میں پانی صاف کرنے کی گولیاں بھی تقسیم کی جائیں گی

جمعہ 21 مارچ 2014 18:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ ”صحت کا انصاف پروگرام“ کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے اور اہم ملکی اور غیر ملکی شخصیات نے اس کو سراہا ہے جو تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی صحت کے حوالے سے مخلصانہ کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پشاور میں صحت کا انصاف پروگرام کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری صحت غلام قادر خان،ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر وحید اور محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ صحت کا انصاف پروگرام کا آٹھواں مرحلہ کل بروز ہفتہ سے پشاور میں شروع کیاجائے جس میں اس مرتبہ96یونین کونسلوں میں صحت کا انصاف مہم چلائی جائے گی اور تین لاکھ سے زائد گھروں میں پانی صاف کرنے کی گولیاں بھی تقسیم کی جائیں گی جبکہ ڈینگی سے آگاہی اور بچوں کی نو مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے بارے میں تعلیمی مواد بھی گھر گھر تقسیم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 6۔اپریل سے صوابی،چارسدہ اور مردان میں بھی یہ مہم شروع کی جائے گی اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ17لاکھ بچوں کو ایک ہی دن میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائے اور ویکسینیشن دی جائے گی۔ وزیر صحت نے مزید کہا کہ صحت کا انصاف انتہائی شفاف اور موثر پروگرام ہے جس کی وجہ سے ہمارے بچوں کو خاطر خواہ فائدہ ہو رہا ہے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وہ تہہ دل سے تمام لیڈی ہیلتھ ورکرز،تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے جوانوں کی اس مہم کے لئے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :