پشاور،سرکاری فنڈز کے بے جا استعمال اور ترقیاتی عمل میں سست روی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ،شہرام ترکئی

جمعہ 21 مارچ 2014 18:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام خان تراکئی نے کہا ہے کہ حکومت ایمانداری اور لگن سے کام کرنے والے سرکاری افسران کی قدر کرتی ہے تاہم ناقص کارکردگی اور قومی خدمات میں کوتاہی برتنے والے اہلکاروں کو ہر گزمعاف نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے پشاور میں محکمہ زارعت کے منصوبوں پر کام کے جائزے کے حوالے سے پشاور میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

سپیشل سیکرٹری زراعت عثمان یعقوب،ایڈیشنل سیکرٹری ہمایوں خان،چیف پلاننگ آفیسر احمد سعید اور محکمہ زراعت اور لائیو سٹاک کے ڈی جیز نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اس موقع پر گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا اور وزیر موصوف کو سکیموں کی تکمیل میں پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

شہرام خان نے کہا کہ صوبائی حکومت زراعت کی ترقی کو انتہائی ترجیح دے رہی ہے تاکہ صوبے کی معیشت مستحکم ہو اس لئے متعلقہ افسران روایتی طریقوں کو ترک کرتے ہوئے نئے جذبے اور ولولے کے ساتھ نہ صرف مطلوبہ ترقی کے اہداف حاصل کریں بلکہ اپنے تجربات اور صلاحیتوں کی بدولت وقت کی ضروریات کے مطابق ایسی منصوبہ بندی اپنائیں جو اجتماعی مسائل کے حل کی موجب بنے اور اس کے اثرات دیر پا ثابت ہوں۔

انہوں نے افسران کے باہمی روابط پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حیلے بہانوں کا دور گزر چکا ہے اور وہ ہر شعبہ میں بہتر سے بہتر نتائج کے خواہاں ہیں تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ کیاجاسکے۔انہوں نے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور آئندہ اے ڈی پی کے لئے بہتر منصوبے تیار کرنے اور گندم کی فصل کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں بجلی اور ایندھن کی کمی کے باعث زرعی زمینوں کے لئے شمسی توانائی سے ٹیوب ویلوں کے چلانے اور محکمہ زراعت توسیع و تحقیق،ایگریکلچر انجینئرنگ،لائیو سٹاک،وی آر آئی،سائل کنزرویشن اور ماہی پروری کے دیگر منصوبوں پر کام کی رفتار کا تفصیلی جائزہ بھی لیاگیا۔

متعلقہ عنوان :