دھول اور مٹی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے غلاف کعبہ کی ہر دو ہفتے بعد صفائی شروع کر دی گئی

جمعہ 21 مارچ 2014 17:00

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21مارچ 2014ء)مسجد الحرام میں جاری مسماری اور توسیعی کام سے اڑنے والی دھول اور مٹی کے مضر اثرات سے بچانے کے لئے ہر دو ہفتے بعدغلاف کعبہ کی صفائی شروع کر دی گئی ہے - غلاف تیار کرنے والی کسویٰ فیکٹری کے کارکن مسلسل چار گھنٹے تک صفائی کا کام انجام دیتے ہیں -فیکٹری کے جنرل منیجر ڈاکٹر محمد بن عبد اللہ بقیدو نے بتایا ہے کہ غلاف کعبہ کے تیاری میں استعمال ہونے والا کپڑا سلک سے تیار کیا جاتا ہے اور دھول اور مٹی جمع ہونے سے اس کے خراب ہونے کا اندیشہ ہے - صفائی کے لئے نرم ریشوں سے خصوصی طور پر تیار کردہ برش استعمال کئے جاتے ہیں اور بعد ازاں کعبہ کی دیواروں کو پانی اور جراثیم کش محلول سے دھو کر صاف کیا جاتا ہے -