مقصود قریشی کا قتل سندھ میں بدامنی پھیلانے کی سازش ہے، الطاف حسین

جمعہ 21 مارچ 2014 16:26

مقصود قریشی کا قتل سندھ میں بدامنی پھیلانے کی سازش ہے، الطاف حسین

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21مارچ 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے جسقم کے مرحوم چیئر مین بشیر قریشی کے بھائی مقصود قریشی کے قتل کی مذمت کی ہے اوراس واقعے کوسندھ میں بدامنی پھیلانے کی سازش قراردیا ہے ۔انہوں نے صوبے بھر میں آج ایم کیو ایم کے دفاتر بند رکھنے اور سیاہ پرچم لہرانے کا اعلان کیا ہے۔

ایک بیان میں الطاف حسین نے مقصود قریشی اور ان کے ساتھی کے قتل کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے جسقم کے چیئرمین بشیر خان قریشی کو ایک سازش کے تحت قتل کیا جاچکا ہے۔ اب ان کے بھائی مقصود قریشی او ر سلمان ودو کو قتل کر دیا گیا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ بعض عناصرسندھ دھرتی سے پیارکرنے والوں کو سوچی سمجھی ساز ش کے تحت چن چن کر قتل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اگراس عمل کی روک تھا م نہ کی گئی تو یہ سندھ بھر میں نفرتیں پھیلانے میں بڑا کر دار ادا کر سکتا ہے۔الطاف حسین نے واقعے کی تحقیقات کرانے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کوگرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ جسقم اور ایم کیوایم کے شہید کارکنوں کے سوگ میں آج سندھ میں ایم کیوایم کی سیاسی سرگرمیاں بند رہیں گی ،صوبے بھر میں ایم کیوایم کے تمام زونل،سیکٹراوریونٹ آفس بندرکھے جائیں گے اور ایم کیوایم کے دفاترپرسیاہ پرچم لہرائے جائیں گے ۔