کراچی ،فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پولیس اہلکاراور خواتین سمیت8افراد قتل کردیئے گئے

جمعرات 20 مارچ 2014 22:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2014ء) شہر قائد میں تمام تر کوششوں کے باوجود قتل و غارت گری تھم نہ سکی۔ جمعرات کو بھی فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پولیس اہلکاراور خواتین سمیت8افراد قتل کردیئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاوٴن اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اسلام چوک نور امام شادی ہال کے قریب تین موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح ملزمان نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی ،فائرنگ کے نتیجے میں 2پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔

زخمی ہونے والے اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک پولیس اہلکارہیڈ کانسٹیبل محبوب عالم ولد سمیع بیلٹ نمبر 2627 جاں بحق ہوگیا۔جبکہ پولیس اہلکار فاروق ولد عبدالشکور کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ،جس کو پی این شفا منتقل کردیاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس اہلکار محبوب عالم دو بہنوں کا اکلوتا بھائی ،پانچ بچوں کا باپ اور اورنگی ٹاوٴن نمبر 6ْقذافی چوک کا رہائشی تھا ۔

مقتول کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈ کوارٹر میں ادا کی گئی اور اس کو پاپوش نگر قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ۔جبکہ زخمی پولیس اہلکار فاروق آرمی سے ریٹائر ہے اور حال ہی میں پولیس میں بھرتی ہوا تھا ۔میمن گوٹھ تھانے کی حدودجام داد رحیم سٹی ملیر سے جھاڑیوں سے 30سالہ نوجوان کی تشدد زدہ گولیاں لگی لاش ملی ،جس کی تاحال شناخت نہ ہوسکی مقتول حلیے بلوچ معلوم ہوتا ہے ۔

اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود میں ہی اورنگی ٹاوٴن ساڑھے گیارہ ڈسکو موڑ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 40سالہ صابر حسین ولد سمیع اللہ ہلاک ہوگیا ۔اقبال مارکیٹ تھانے کی ھدود اورنگی ٹاوٴن ایل بلاک مکان نمبر 393توحید کالونی میں شوہر مرشد نے اپنی اہلیہ 25سالہ منہاز ولد نیاز اور اپنے سالے کی اہلیہ شہناز زوجہ اعجاز کو چھریوں کے وار کرکے زخمی کردیا بعد ازاں منہاز دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی ۔

ملزم مرشد ولد ولد وصی کو پولیس نے آلہ قتل کے ساتھ گرفتار کرلیا ۔پولیس کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی تین شادیاں کرچکا ہے اور واقعہ گھریلو تنازع کا شاخسانہ ہے ۔گلبرگ تھانے کی حدود فیڈرل بی ایریا بلاک 11شاداب مسجد کے قریب محلے کے سیکورٹی گارڈ نے تلخ کلامی کے بعد ریحانہ عرف رانی زوجہ محمد صادق کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ۔مقتولہ دو بچوں کی ماں بتائی جاتی ہے ۔

لانڈھی معین آباد نمبر 2میں گھرمیں 60سالہ فقیر شاہ کو مسلح افراد نے گولیاں مارکر قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے ۔پولیس واقعہ کو ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے ۔سہراب گوٹھ کے علاقے سپرہائی وے کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے 25سالہ نور اسلام ولد محمد عالم ہلاک ہوگیا ۔مقتول گلشن معمار کا رہائشی بتایا جاتا ہے ۔زمان ٹاوٴن تھانے کی حدود کورنگی نمبر 2کیو ایریا مٹکے والی پلیہ کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 50سالہ مشتاق ولد سلیم ہلاک ہوگیا ۔

متعلقہ عنوان :