وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے پاکستانی افواج کسی اورملک میں نہ بھیجنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں ،الطاف حسین،وزیراعظم نے واضح اوردوٹوک الفاظ میں اعلان کرکے قوم میں پائی جانے والی بے چینی،ذہنی پریشانی اوربے یقینی کی کیفیت کاخاتمہ کردیاہے،قائد ایم کیو ایم

جمعرات 20 مارچ 2014 22:30

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف نے پاکستان ایئرفورس بیس میانوالی کوقومی ہیرو ایم ایم عالم بیس کا نام دینے کی تقریب سے جوخطاب کیاہے اس کا مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم تہہ دل سے خیرمقدم کرتی ہے۔ اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ اس وقت پاکستان سمیت جوجو ممالک مسائل کاشکارہیں اوربے یقینی کی کیفیت میں مبتلاہیں ان تمام ممالک کوایک ایسی باوقار اورنڈرلیڈر شپ کی ضرورت ہے جوان ممالک کے عوام کے خدشات اورذہنی پریشانیوں کاواضح اوردوٹوک الفاظ میں اظہارکرے تاکہ قوم کے افرادکی تسلی وتشفی ہوسکے۔

جناب الطاف حسین نے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ آج وزیراعظم پاکستان نے اپنے خطاب میں قوم کوبتایاکہ پاکستانی افواج نہ توشام ،نہ بحرین اورنہ ہی کسی اور ملک میں بھیجی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے واضح اوردوٹوک الفاظ میں یہ اعلان کرکے پاکستانی قوم میں پائی جانے والی بے چینی،ذہنی پریشانی اوربے یقینی کی کیفیت کاخاتمہ کردیاہے اوراس سے عوام کے اعتمادمیں بھی اضافہ ہواہے جس پر میں وزیراعظم کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان سمیت مسائل ومشکلات کاشکار تمام ممالک اوراقوام کواسی جرات اظہار اوردوٹوک موٴقف کی ضرورت ہے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ میں دعاگوہوں کہ اللہ تعالیٰ، وزیراعظم میاں نوازشریف کومستقبل میں بھی اسی طرح قو م کے مفادمیں جرات مندانہ فیصلے کرنے اورعوام میں ان کااظہارکرنے کا حوصلہ اورتوفیق عطاکرے ۔